پاکستان کپ کے تیسرے راؤنڈ میں خیبرپختونخوا، سندھ اور ناردرن نے اپنے اپنےمیچز جیت لیے

0
21

پاکستان کپ کے تیسرے راؤنڈ میں خیبرپختونخوا، سندھ اور ناردرن نے اپنے اپنےمیچز جیت لیے

اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے صاحبزادہ فرحان کی 155 رنز کی اننگز کی بدولت بلوچستان کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔ کے پی نےسنسنی خیز مقابلے کے بعد 378 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 2 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ اوپنر صاحبزاد ہ فرحان نے 135 گیندوں پر 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 155 رنز کی اننگز کھیلی۔انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کامران غلام کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے185رنز کی شراکت قائم کی۔ کامران غلام نے 81 اور خالد عثمان نے 56 رنز بنائے۔بلوچستان کے فاسٹ باؤلر تاج ولی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بلوچستان کے کپتان عمران فرحت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتو ان کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز بنائے۔ اوپنر بسم اللہ خان نے 92 رنز بنائے۔ انہوں نے اویس ضیاء کے ہمراہ 143 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ اویس ضیاء 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان عمران فرحت نے 77 اور اکبر الرحمٰن نے 55 رنز بنائے۔ کے پی کے عرفان اللہ اور ارشد اقبال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔سندھ نے 288 رنز کا مطلوبہ ہدف 46.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دائیں ہاتھ کے اوپنر خرم منظور نے120 گیندوں پر 10 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 119 رنزکی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ ان کے لسٹ اے کیرئیر کی 25ویں سنچری تھی۔ انہوں نے سعود شکیل کے ہمراہ 78 رنز کی شراکت قائم کی۔ سعود شکیل 58 رنز بناکر سندھ کے دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ سنٹرل پنجاب کے بلال آصف ، حسن علی اور احمد بشیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 287 رنزپر ڈھیر ہوگئی۔ نوجوان بیٹسمین علی زریاب 68، اوپنر طیب طاہر 52 اور کپتان حسن علی 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سندھ کے فاسٹ باؤلر محمد عمر نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔انور علی اور سعود شکیل نے 2، 2وکٹیں حاصل کیں۔خرم منظورکو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 57 رنز سے ہرادیا۔ 307 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 45.2 اوورزمیں 249 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ مختار احمد134 گیندوں پر 12 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 139 رنز بناکر سدرن پنجاب کے سب سے نمایاں بیٹسمین رہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ صہیب مقصود نے 27 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ ناردرن کے محمد اسماعیل نے 3 جبکہ محمد نواز، اطہر محمود اور سلمان ارشاد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر ناردرن کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ناردرن نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے ۔ مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے 70 گیندوں پر 17 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 127 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر مین آف دی میچ قرار پائے۔ کپتان محمد نواز نے 52 رنز بنائے۔ سدرن پنجاب کے فاسٹ باؤلر محمد الیاس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے اختتام پر ناردرن کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، سندھ اور کے پی کی ٹیمیں 4،4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بلوچستان اور سدرن پنجاب کے 2،2 پوائنٹس ہیں جبکہ سنٹرل پنجاب کی ٹیم اب تک کوئی بھی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی

Leave a reply