پاکستان کے ادارے نے نابینا افراد کے لیے اسلامی دنیا کا پہلا بریل قرآن پاک تیار کرلیا
پاکستان کے ادارے نے نابینا افراد کے لیے اسلامی دنیا کا پہلا بریل قرآن پاک تیار کرلیا
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود اور تعلیم وتربیت کے ذریعے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے والے ادارے بلائنڈ ریسورس فاؤنڈیشن پاکستان نے نابینا افراد کے لیے اسلامی دنیا کا پہلا بریل قرآن مجید تیار کرلیا ہے۔
نابینا افراد عام طباعت شدہ قرآن شریف پڑھ نہیں سکتے اس لیے ان کے لیے بریل لینگویج میں ابھرے ہوئے نقاط پر مبنی خصوصی قرآن پاک کراچی میں تیار کیا گیا ہے، بلائنڈ ریسورس فاؤنڈیشن پاکستان کے روح رواں محمد شکیل (جو خود بھی بصارت سے محروم ہیں) نے ایکسپریس کو بتایا کہ پاکستان میں نابینا افراد کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہیں جن کے لیے پڑھنے کا مواد نہ ہونے کے برابر ہے بلائنڈ ریسورس فاؤنڈیشن نابینا افراد کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے مصروف عمل ہے اور ان میں تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
ادارے نے دینی تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے اس مقصد کے لیے ڈھائی سال کی محنت سے بریل لینگویج میں ابھرے ہوئے نقاط کے ذریعے نابینا افراد کے لیے قرآن پاک مرتب کیا گیا ہے، گزشتہ سال سے اب تک 100 جلدیں بصارت سے محروم افراد میں تقسیم کی جاچکی ہیں جبکہ ملائیشیا اور سری لنکا میں بھی قرآن شریف بھجوائے گئے ہیں جنھیں بے حد پذیرائی ملی ہے۔
محمد شکیل کے مطابق پوری اسلامی دنیا میں نابینا افراد کے لیے بریل لینگویج کے قرآن پاک کی ضرورت تھی اس لیے اور ان کا ادارہ پاکستان کی ضرورت پوری کرنے کے بعد اسلامی ملکوں کو بھی قرآن پاک فراہم کرے گا، بلائنڈ ریسورس فاؤنڈیشن مخیرحضرات کی مدد سے بصارت سے محروم افراد کو ہدیہ کے بغیر قرآن پاک فراہم کرتا ہے۔