وطن عزیز پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے: پرویز خٹک
وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ، مسلح افواج وطن عزیز کے تحفظ اور سلامتی کے لیے کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے ان خیالات کا اظہارنوشہرہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ سابق فاٹا کے لوگوں کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد ان کے حقوق ملے ہیں اور اب ان علاقوں کے لوگ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں زیادہ موثر اور فعال کردار ادا کرسکیں گے۔ وفاقی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے اور ملک کو درپیش چیلنجوں سے چھٹکارہ دلانے کے لئے مشکل فیصلے کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلایا جائے گا جس میں تحریک انصاف کی حکومت آئندہ مالی سال کے لئے اپنا پہلا بجٹ پیش کرے گی۔