پاکستان کا سعودی عرب اور تاجکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق

0
31

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے جمہوریہ تاجکستان کے سفیر عصمت اللہ ناصردین نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.تاجکستان کے سفیر نے تاجکستان کی عسکری اور سول قیادت اور اس کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ افغانستان کے پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان اور تاجکستان دونوں کو ایک جیسے سیکیورٹی چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ اصف نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تاجکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔

وزیر دفاع نے مسلح افواج کے درمیان دوستانہ کھیلوں کے مقابلوں اور دونوں ممالک کے خصوصی مواقع پر باہمی بنیادوں پر فوجی بینڈ کی نمائش کی تجویز پیش کی۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور کے علاوہ دفاعی تعاون میں اضافے کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔تاجک سفیر نے اپنی حکومت کے عزم کا یقین دلایا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا عہد کیا۔

دوسری طرف وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ سے سعودی عرب کےسفیرنواف بن سعیدالمالکی نے ملاقات کی ہے. ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی سفیر نے رانا ثناءاللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔.

اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے، سعودی حکومت کی طرف سے تین ارب ڈالر کا رول اوور پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر تھا، وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے، سعودی عرب کے ساتھ سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے تین ارب ڈالررول اوور کرنے پرسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ اور برادرانہ ہیں، پاکستان کے عوام خادمین حرمین الشریفین سے بے پناہ عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان سے اس سال 81ہزارسے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، رواں سال حج کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ،پاکستان کیلئے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔

Leave a reply