پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری ہے، منظور حسین وسان
وزیراعلی سندھ کے مشیربرائے زراعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری ہے، حکومت دونوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ہفتہ کو جاری بیان میں منظور حسین وسان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے عوام مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
زرعی سیکٹر ملک کی ریڑھ کی ہڈی تھا اسے موجودہ حکمرانوں نے تباہ کردیاہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان وزیراعظم بننے کہ بعد مہنگائی کے جِنِ کی پہچان سے جانے جاتے ہیں،جن صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں سب سے زیادہ غربت ہے، سندھ میں غربت دیگر صوبوں سے کم ہے۔مشیر زراعت نے کہاکہ عام آدمی کی زندگی کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، لوگوں کا کاروبار تباہ ہو رہا ہے، چھوٹی انڈسٹری،بجلی،گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بند ہوگئی ہے۔منظور وسان نے کہاکہ گندم اورچینی سمیت دیگر اشیا درآمد کرنے سے مزید مہنگائی میں اضافہ ہوگا، وفاقی حکومت مافیاز کے خلاف ایکشن نہیں لے رہی ہے ۔