پاکستان کی آسیان رکن ممالک کو 55 ویں آسیان دن پر مبارکباد

0
34

پاکستان نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) کے رکن ممالک کو 55 ویں آسیان دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا آسیان کے ساتھ دیرینہ تعاون ہے۔ تعاون، دوستی اور عدم مداخلت کے اصولوں پر قائم آسیان ایک متحرک اور مربوط اقتصادی برادری میں تبدیل ہوا ہے جو علاقائی امن اور ترقی کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھاتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن آسیان کے رکن ممالک کو آسیان کے 55 ویں دن پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ پاکستان کا آسیان کے ساتھ دیرینہ تعلق اور تعاون ہے 1993ء سے پاکستان سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر جبکہ 2004ء سے آسیان ریجنل فورم کا رکن ہے۔ پاکستان نے 2004ء میں جنوب مشرقی ایشیا میں تعاون کے معاہدے میں بھی شمولیت اختیار کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان آسیان کی پیش رفت اور علاقائی تعاون کو آگے بڑھانے میں اہم پیش رفت کو سراہتا ہے۔ اپنی ویژن ایسٹ ایشیا پالیسی کے مطابق پاکستان آسیان کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مربوط بنانے کو اولین ترجیح دیتا ہے جس میں بہتر روابط اور عوامی سطح پر روابط شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں منعقدہ 29 ویں اے آر ایف وزارتی اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی شرکت آسیان کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو آگے بڑھانے کیلئے اس کے عزم کا مظہر ہے۔

Leave a reply