ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام، جوش و جذبے اور اتحاد و یگانگت کے مظاہرے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مختلف شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو کر نماز ادا کی، اور بعد ازاں جانوروں کی قربانی کی گئی۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس شہروں میں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں، جب کہ مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز کے دوران سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔ مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں قوم کو عیدالاضحیٰ کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ "یہ عید ہمیں ایثار، قربانی، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔ ہمیں اپنے طرزِ عمل میں ان اقدار کو شامل کرنا ہوگا تاکہ ہم ایک مضبوط، خوشحال اور متحد قوم کے طور پر دنیا کے سامنے ابھریں۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا "قربانی کا جذبہ صرف جانوروں کی قربانی تک محدود نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات، وقت اور وسائل کی قربانی دے کر ملک و ملت کے لیے کام کرنا بھی ایک عظیم عبادت ہے۔ دشمن کے حملے پر قوم کے اتحاد نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہم ایک ہیں۔ عید کی خوشیوں میں ہمیں اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔”
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ایئر چیف اور نیول چیف نے بھی پوری قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق "ہم قوم کی استقامت، قربانیوں اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کا یہ مقدس موقع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایثار اور وحدت کی بدولت ہی ہم چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ہر محبِ وطن شہری قربانی کے اس جذبے کے علمبردار ہیں۔”
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی،محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دن کے وقت غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
عیدالاضحیٰ کا یہ بابرکت دن ہمیں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ اس دن کا اصل پیغام ایثار، قربانی، خلوص، تقویٰ اور اللہ کی رضا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نہ صرف اپنی عبادات کو خالص رکھیں بلکہ معاشرتی ذمہ داریوں کو بھی نبھائیں، غریبوں، ناداروں اور مظلوموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ یہ عید حقیقی معنوں میں "عید” بن سکے۔