بنگلہ دیش کے کاؤنٹر ٹیررازم اینڈ ٹرانس نیشنل کرائم یونٹ نے تصدیق کی ہے کہ کم از کم چار بنگلہ دیشی شہری پاکستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی صفوں میں لڑتے ہوئے ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ ہلاکتیں مختلف جھڑپوں اور سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران ہوئیں۔
سی ٹی ٹی سی نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کے علاوہ مزید دو درجن سے زائد بنگلہ دیشی شہری اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور ٹی ٹی پی سے منسلک ہو کر سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد گزشتہ چند سالوں کے دوران مختلف راستوں سے پاکستان پہنچے اور شدت پسند گروہ سے وابستہ ہو گئے۔ انسداد دہشت گردی سے وابستہ عہدیداران کے مطابق کچھ بنگلہ دیشی شہری آن لائن شدت پسندانہ مواد اور رابطوں کے ذریعے متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں انہوں نے ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارے نے نشاندہی کی کہ ایسے نوجوان اکثر سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذریعے بھرتی کیے جاتے ہیں۔ ان افراد کی شناخت کے سلسلے میں رابطے بڑھا دیے ہیں، تاکہ پاکستان میں موجود بنگلہ دیشی شدت پسندوں کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کی جا سکیں اور مستقبل میں بھرتی کے رجحان کو روکا جا سکے۔








