امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی کاروباری شخصیات کے لیے نہایت منافع بخش مواقع پیش کرتا ہے، خصوصاً تیزی سے ترقی کرنے والے اور پرکشش آئی ٹی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں ، دونوں ممالک کی قیادت اقتصادی تعاون کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، اسی لیے ہم امریکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لیے ایک سازگار اور سرمایہ دوست ماحول فراہم کرنے کے مکمل طور پر پابند ہیں، جو 25 کروڑ سے زائد صارفین کی متحرک مارکیٹ سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے ایک اہم تجارتی راہداری کی حیثیت رکھتا ہے، جو امریکی کاروباری اداروں کو توانائی سے مالا مال وسطی ایشیائی منڈیوں اور سرمایہ سے بھرپور خلیجی ریاستوں تک رسائی فراہم کرتا ہے۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے یہ باتیں واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں ییل اسکول آف مینجمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہیں۔ملاقات میں بتایا گیا کہ یونائیٹڈ اسٹیٹس پاکستان بزنس الائنس ییل اسکول آف مینجمنٹ کے 35 رکنی وفد کے پاکستان کے دورے کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان میں کاروباری مواقع کا جائزہ لینا، پالیسی سازوں سے ملاقاتیں کرنا اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کا براہِ راست مشاہدہ کرنا ہے۔ یہ اقدام پاکستان کے کاروباری ماحول میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور طویل مدتی معاشی شراکت داری کے نئے راستے تلاش کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

وفد سے خطاب میں سفیر شیخ نے پاکستان امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان سیاحت، زراعت، توانائی، مینوفیکچرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں اہم مواقع پیش کرتا ہے، جہاں پاکستان لاگت اور معیار دونوں حوالوں سے نمایاں برتری رکھتا ہے۔پاکستان کے ٹیکنالوجی سے آشنا نوجوانوں کو جو آبادی کا سب سے بڑا اور مسلسل بڑھتا ہوا طبقہ ہے قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ یہ ہنرمند افرادی قوت امریکی مارکیٹ خصوصاً کاروبار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کیے گئے مختلف پالیسی اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن میں ایس آئی ایف سی کا مرکزی کردار بھی شامل ہے، جو کاروبار میں آسانی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔سفیر نے کہا کہ امریکہ کی 80 سے زائد کمپنیاں جو پہلے ہی پاکستان میں منافع بخش طور پر کام کر رہی ہیں، ملک کی وسیع اقتصادی صلاحیت کا واضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے ییل کے وفد کے دورے کے انتظامات پر یونائیٹڈ اسٹیٹس پاکستان بزنس الائنس کے اقدام کو سراہا اور ان کے سفر کے دوران مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفد نے بریفنگ پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے دورے کے دوران سفارتخانے کے تعاون کی امید ظاہر کی۔

Shares: