پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا
اقوام متحدہ کے مشن کے اعلامیے کے مطابق، پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو زور و شور سے اٹھایا اور عالمی امن کے قیام کے لیے تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل پر زور دیا۔وزیراعظم کے معاونِ خصوصی، طارق فاطمی نے سلامتی کونسل میں ہونے والی کھلی بحث میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر بدستور سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس کا منصفانہ و حتمی حل ابھی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، اور اب یہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کے اس بنیادی حق کو یقینی بنائے۔مزید برآں، طارق فاطمی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ تنازع کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل ممکن ہو۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے ممالک میں شامل ہے اور عالمی امن کے قیام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔