ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ آج کھیلا جائے گا

0
38

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا-

باغی ٹی وی : میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بجے شارجہ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ اس حوالے سے بہت اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میچ شروع ہونے سے چند لمحے قبل دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا جس پر نیوزی لینڈ بورڈ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا-

پاکستان کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لیے بھارت کے خلاف کھلائی گئی پلینگ الیون برقرار رکھنے جانے کا امکان ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ میں یہ پہلا میچ ہےکرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ شارجہ میں دبئی کی نسبت ہائی سکورنگ میچ کی امید ہے۔

کپتان قومی ٹیم بابراعظم اور بابر الیون نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بھی جیتنے کے لیے پرامید ہیں بابر اعظم بھارتی ٹیم کو ہرانے کے بعد ہی اپنی نظریں اگلے شکار پر جمالی تھیں ۔

بابر اعظم نے اپنے میں ٹویٹ میں کہا تھا کہ پاکستان یہ جیت آپ کے لیے ہے یہ تاریخ بن چکی ہے اب ساری توجہ اور نظریں اگلی گیم پر ہیں-

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر میچ شروع ہونےسے کچھ دیر قبل دورہ پاکستان چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی جس کے بعد پاکستان میں شائقین کرکٹ نے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں نے بھی نیوزی لینڈ کے اقدام پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ دنیا بھر میں کرکٹ شائقین نے نیوزی لینڈ کے اقدام کو غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔

پاکستانی شائقین کرکٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج ہونے والے پاک نیوزی لینڈ میچ کو اس تناظر میں اہم قرار دے رہے ہیں۔ اور گرین شرٹس سے امید کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں ہونے والے کرکٹ کے نقصان کا بدلہ ضرور لیں گے۔

پاکستان کے ساتھ کل کے میچ کو بدلہ نہ سمجھا جائے ،نیوزی لینڈ کے کپتان کی درخواست

گزشتہ روز میچ سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کی ایڈوائس پر پاکستان کا دورہ منسوخ کیا تھا، یہ میچ سیریز کا متبادل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی بہت شاندار ہے،وہ بہت مضبوط ٹیم ہے لیکن ٹی 20 کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے پاکستان نے کل کے میچ میں شاندار پرفارمنس دکھائی، وہ پوری تیاری کے ساتھ آئے ہیں، پاکستان ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ ٹیم ہے۔

پاکستان میں میچ سے آدھا گھنٹہ پہلے سیریز اچانک منسوخ کرکے اپنے ملک واپس جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کیوی کپتان نے کہا تھا کہ یہ بہت ہی مایوس کن صورتحال تھی ، ہم پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے لیکن ہم ایسا نہیں کرسکے جو بہت ہی شرمناک تھا-

کیوی کپتان نے کہا تھا کہ بھارت کے خلاف فتح کے بعد پاکستان کا جیت کا مومینٹم بن گیا ہے لیکن وہ نہیں سمجھتے کہ یہ بدلے کا میچ ہے، یہ میچ سیریز کا متبادل نہیں ہے، امید ہے کہ پاکستان بدلے کی سوچ لے کر میدان میں نہیں اترے گا دونوں ٹیموں کے اچھے تعلقات ہیں اور سالوں سے آپس میں کرکٹ کھیل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کو کراؤڈ کی طرف سے ہمیشہ اچھی سپورٹ ملی ہے اور ہمارے خلاف میچ میں بھی انہیں سپورٹ ملے گی۔

Leave a reply