fbpx

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومتِ وقت پر کڑی تنقید

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومتِ وقت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب ہوش کے ناخن لیں، ملک میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.1 فیصد جبکہ سالانہ شرح 14.1 فیصد تک پہنچ چکی ہے، ڈبلیو پی آئی کے مطابق مہنگائی کی شرح 16.6 فیصد جبکہ ایس پی آئی کے مطابق تو ملک میں مہنگائی کی شرح 21.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے، میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں، عمران خان کی حکومت کا ہر گزرتا دن مہنگائی کا طوفان لارہا ہے، جب گندم اور گنا پیدا کرنے والا ملک چینی اور آٹا درآمد کرے گا تو کیسے ملک چلے گا؟ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں مختصر ہوتے افطار کے دستر خوان عمران خان کی نااہلی کی داستانیں سنارہے ہیں اور دوسری جانب عوام عمران خان کو مہنگائی کی دہائیاں دے رہے ہیں مگر خان صاحب اپنی تعریف کے علاوہ کچھ سننے کو تیار نہیں، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کمرتوڑ مہنگائی کے دنوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا کرکے غریبوں کے زخموں پر مرہم رکھا ہے، تاریخ گواہ رہے گی کہ جب عمران خان مہنگائی کی قیامت ڈھارہے تھے تو پی پی پی مزدوروں کو بے نظیر کارڈ جاری کرکے ریلیف مہیا کررہی تھی، پی پی پی چیئرمین نے اس موقع پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت بناکر ملک بھر کے مزدوروں کے لئے بے نظیر کارڈ جاری کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پارہے، ملک کیا چلائیں گے؟ جبکہ تیل، گھی، چینی، آٹے، دالوں، پھلوں، سبزیوں اور گوشت سمیت وہ کون سی ایسی شے ہے کہ جس کی قیمت میں اضافہ نہ ہوا ہو-

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.