سربراہ پاک فضائیہ کی صدارت میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کی سالانہ جنرل میٹنگ ،اہم فیصلے

0
30

سربراہ پاک فضائیہ کی صدارت میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کی سالانہ جنرل میٹنگ ،اہم فیصلے

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی صدارت میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کی47ویں سالانہ جنرل کونسل میٹنگ منعقد ہوئی۔

اس میٹنگ میں اسکواش کے عظیم کھلاڑیوں کے علاوہ صوبائی سکواش ایسوسی ایشنز اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جنرل کونسل ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور سکواش کے کھیل کی ترویج کے لئے پاک فضائیہ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ایسوسی ایشنزکے ممبران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ با قاعدگی سے تربیتی کیمپوں اور ٹورنامنٹس کے انعقاد کے ذریعے اسکواش کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مختلف سپانسر شپ اور سکالر شپ پروگراموں کے ذریعے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔انہوں نے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج کے حصول کے لیے کھیل پر توجہ دینے اور اپنی ذہنی اور جسمانی استعداد کاربڑھانے کی بھی تاکید کی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جنرل کونسل نے سال 2019-2020 میں پاکستانی کھلاڑیوں کی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ صدر پاکستان سکواش فیڈریشن نے اسکواش کے کھیل کو ترقی دینے کیلئے گراں قدر خدمات سر انجا م دینے پر پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کو پرائڈ آف پرفارمنس ٹرافی سے نوازا جبکہ خیبر پختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن رنر اَپ کی حقدار ٹھری۔نائب صدور کی تقرری کے لئے بھی اس میٹنگ کے دوران الیکشن (انتخابات) کا انعقاد کیا گیا۔ جناب قمر زمان کو خیبر پختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کی طرف سے جبکہ جناب عدنان اسد کو سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کی طرف سے متفقہ طور پر اگلے چارسال کیلئے نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ اجلاس اسکواش کے بین الاقوامی میدان میں پاکستان کی برتری کو بحال کرنے کی امید کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر نے فیڈریشن کے ممبران پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اسکواش کی ترقی میں اپنے کردار کو جاری رکھیں گے اور کھلاڑیوں کو سپانسر کرنے کے لیے بھرپور فنڈز مہیا کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

Leave a reply