پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے اثرات پاکستانی اسٹاک ایکسچینج پر بھی واضح نظر آ رہے ہیں۔ بھارت کو بھرپور جواب دینے کے بعد، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی ہے، جس نے کاروباری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

آج، کاروباری ہفتے کے پہلے روز، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا آغاز ہوا، جس کے دوران 100 انڈیکس میں 9929 پوائنٹس کا شاندار اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اس دوران 100 انڈیکس 117104 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا ہوا دکھائی دیا۔ اسی طرح، کے ایس سی 30 انڈیکس میں بھی 3020 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے کو آیا، جس کے بعد یہ انڈیکس 35668 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اس تیزی کے نتیجے میں، کے ایس سی 30 انڈیکس 5 فیصد تک بڑھا، جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ کا کاروبار عارضی طور پر روک دیا گیا۔ اسی طرح 100 انڈیکس میں بھی تاریخی تیزی کے باعث کاروبار کو کچھ دیر کے لیے معطل کیا گیا، تاہم ایک گھنٹے بعد کاروبار دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی نے اسٹاک مارکیٹ پر گہرے اثرات مرتب کیے تھے۔ بھارتی حملے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی، جس سے سرمایہ کاروں میں بے چینی پھیل گئی تھی۔تاہم، پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیے جانے والے بھرپور اور منہ توڑ جواب کے بعد، کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آنا شروع ہوئی تھی۔ اس صورتحال نے پاکستانی سرمایہ کاروں کی امیدوں کو جلا بخشی ہے اور کاروباری ماحول میں استحکام واپس لایا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں یہ تیز تر ریکوری، عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، اور پاکستان کے معاشی منظر نامے کے حوالے سے نئی امیدوں کی لہر پیدا ہوئی ہے۔

Shares: