پاکستان سویٹ ہوم کی یتیم بچوں کے لئے تقریب کا انعقاد۔

0
34

پاکستان سویٹ ہوم کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کہا کہ یتیم بچوں کی بہتر کفالت کرنا اور ان کو معیاری تعلیم دلوانا ان کی زندگی کا سب سے بڑا مشن ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری اس عظیم مقصد میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ اس مشن کا پارٹنر بننے والوں کو دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل ہو گی کیونکہ یتیموں کا سہارہ بننے سے دل کو جو سکون و اطمینان حاصل ہوتا ہے اس کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے ہمراہ ا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے 200 بچے اس وقت  صدیق پبلک اسکول میں زیر تعلیم ہیں جہاں ان کو صرف اور صرف میرٹ پر داخلہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے چیمبر کے وقتی صدر کو پاکستان سویٹ ہوم کا ایک ڈائریکٹر بنانے کی پیش کش تاکہ تاجر برادری اس ادارے کے معاملات کو چلانے میں اپنا کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم نے معمولی سطح سے اپنا آغاز کیا تھا اور اب اس کا نیٹ ورک ملک کے بہت سے حصوں تک پھیل چکا ہے اور یہ سب مخیر حضرات کے تعاون سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ تعاون کرنے پر چیمبر کے تمام سابق صدور اور ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس ادارے کو مزید ترقی اور توسیع کے لئے ان کے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان سویٹ ہوم کو ایک مضبوط ادارے کے طور پر ترقی دینے اور یتیم بچوں کی بہتر کفالت کرنے کے لئے زمرد خان کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ تاجر برادری اس نیک کام کو آگے بڑھانے میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے گا کہ چیمبر کے سی ایس آر فنڈ سے پاکستان سویٹ ہومز اور دیگر فلاحی اداروں کی متواتر مالی امداد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے ملک کے دیگر بڑے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ اس ادارے کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کی کیریئر کونسلنگ کر نے اور ان کو مقامی کاروباری اداروں میں انٹرنشپ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا تا کہ یہ بچے عملی تجربہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے اس موقع پر بچوں کے ساتھ اپنے تجربات بھی شیئر کئے اور ان کو زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مفید ہدایات بھی فراہم کیں۔

فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے پاکستان سویٹ ہوم کیلئے زمرد خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں یقین دلایا کہ تاجر برادری ان نیک مشن میں ان کا بھر پور ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کیلئے بھی تعاون کریں گے تاکہ یہ بچے ملک کی صنعتی اور معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کرسکیں۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان اور نوید ملک سمیت دیگر نے بھی یتیم بچوں کی بہتر کفالت کرنے پر زمرد خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں یقین دلایا کہ تاجر برادری اس نیک مقصد میں ان ک ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ 

Leave a reply