وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنے کا بھارتی اقدام جنگ کے مترادف ہوگا۔
آذر بائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کا بھارتی اقدام جنگ کے مترادف ہوگا، بھارتی اقدامات کا مقصد علاقائی امن کو نقصان پہنچانا تھا، پاک فوج نے مثالی جرات، پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اشتعال انگیزی کاجواب دیا۔ اسرائیل غزہ جنگ پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ کو تباہی کا سامنا ہے، ایسا لگتا ہے جیسے غزہ میں انسانیت کا وجود ہی نہیں، قحط سالی کی صورتحال، فاقہ کشی اور امدادی کارکنوں پر اسرائیلی حملےجاری ہیں، پاکستان دنیا میں کہیں بھی بے گناہ لوگوں پرظلم کرنے والوں کے خلاف کھڑا ہے،ماحولیاتی چیلنجز نےلاکھوں لوگوں کے روزگار کوخطرے میں ڈال دیا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ 10 ملکوں میں شامل ہے، پگھلتےگلیشیئرز، شدید گرمی، سیلاب اوردیگر چیلنجز کا سامنا ہے تاہم پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پالیسی وضع کی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر خانکیندی میں 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے مابین تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی گزشتہ ملاقات کے دوران کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کے تناظر میں ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے صدر پیزشکیان کی قیادت کو سراہا اور حالیہ بحران کے دوران ایران کے جنگ بندی کے فیصلے کو سراہا۔
وزیراعظم نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کو دہراتے ہوئے خطے میں امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ صدر پیزشکیان نے حالیہ بحران کے دوران عالمی فورمز سمیت ایران کے لیے پاکستان کی مضبوط سفارتی حمایت کو سراہا اور تنازع کو کم کرنے میں پاکستان کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو ایرانی سپریم لیڈر کیلئے مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔