اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی، سنگا پور میں پاکستانی ہائی کمشنر کا یوم آزادی کی تقریب سے خطاب

0
35

اسلام آباد۔ 15 اگست (اے پی پی) پاکستانی ہائی کمیشن سنگاپور میں پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر یوم آزادی کی مناسبت سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی ہائی کمشنر رخسانہ افضال نے پاکستان اور سنگاپور کے باہمی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی، ملکی ترقی و استحکام میں پاکستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سنگاپور میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک اور ان کے عوام کو مزید قریب لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے تقریب کے شرکاء کو ریاست مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بھارتی اقدام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں بارے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حالات کو معمول پر لانے اور تنازعہ کے پرامن حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Leave a reply