پاکستان کے لیے قابل فخر لمحہ،آرمی پبلک سکول لاہور کے 10 ہزار سے زائد طلباء نے بھارت کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
یہ ناقابل یقین کارنامہ فورٹریس سٹیڈیم میں ہونے والے لاہور یوتھ فیسٹیول کے دوران کیا گیا، جو کہ اتحاد اور حب الوطنی کا جشن ہے۔لاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے طلبہ نے ایک شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ، اس ریکارڈ میں 10 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا، جس سے پاکستان نے بھارت کا پچھلا ریکارڈ بڑی آسانی سے توڑ دیا۔اس سے قبل بھارت نے رواں سال 7,368 طلبہ کے ساتھ انسانی پرچم بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا تھا، لیکن پاکستانی طلبہ نے اس ریکارڈ کو عبور کرتے ہوئے ایک نیا عالمی سنگ میل قائم کیا۔یہ نیا ریکارڈ لاہور میں حکومت پنجاب کے تحت منعقد ہونے والے لاہور یوتھ فیسٹیول کے دوران قائم کیا گیا۔ ریکارڈ بننے کے بعد طلبہ نے جشن منایا اور ملی نغموں کی دھنوں پر خوشی کا اظہار کیا۔
لاہور یوتھ فیسٹیول کا یہ ریکارڈ بنانے والا ایونٹ واقعی ایک تاریخی لمحہ تھا۔ اس ایونٹ نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں اپنی ایک منفرد پہچان بنائی ہے۔ اس جشن میں شریک طلبہ کا جوش و خروش قابلِ دید تھا۔ریکارڈ کے بعد فیسٹیول کا دوسرا اور آخری حصہ 8 سے 10 نومبر تک لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں ہوگا، جس میں رنگا رنگ تقریبات اور مقابلے ہوں گے۔ افتتاحی تقریب 8 نومبر کو جبکہ اختتامی تقریب 10 نومبر کو ہوگی۔
یہ کامیابی پاکستانی طلبہ کی محنت، جذبے اور عزم کا غماز ہے۔ عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا یہ لمحہ نہ صرف پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ یہ دنیا بھر میں نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے محنت اور جدوجہد کرنے کی ترغیب دے گا۔ لاہور یوتھ فیسٹیول جیسے ایونٹس ہمیں اس بات کا احساس دلاتے ہیں کہ اگر ہم متحد ہو کر محنت کریں تو دنیا کی کسی بھی بڑی کامیابی کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔