پاکستان کی خوش قسمت شخصیت ، جووزارت کے پیچھے نہیں بلکہ وزارتیں اس کے پیچھے بھاگتی ہیں‌

0
20

اسلام آباد:پاکستان کی خوش قسمت شخصیت ، جووزارت کے پیچھے نہیں بلکہ وزارتیں اس کے پیچھے بھاگتی ہیں‌،باغی ٹی وی کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی کیس میں حکومت کی طرف سے وکیل کے طور پر پیش ہونے والے بیرسٹر فروغ نسیم کو حکومت نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

دوسری جانب بیرسٹر فروغ نسیم نے تصدیق کی ہے کہ وہ کل دوبارہ کابینہ کا حصہ بننے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب کل صبح منعقد ہوگی اور وہ وزیر قانون کا قلمدان سنبھالیں گے۔

یاد رہے کہ فروغ نسیم نےجسٹس قاضی فائزکیس میں وفاق کے وکیل کی خدمات انجام دی تھیں، انہوں نے یکم جون کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔

فروغ نسیم نے مستعفی ہونے کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم کی درخواست پر جسٹس قاضی فائزعیسٰی ریفرنس پر وفاق کی نمائندگی کا فیصلہ کیا ، کسی کے خلاف ذاتی عناد نہیں ہے اور نہ ہی خلاف قانون کبھی کوئی کام کیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وزیراعظم کی درخواست پر وفاق کے وکیل کی حیثیت سے سپریم کورٹ میں پیش ہوں گا، جسٹس قاضی فائزعیسٰی ریفرنس میں وفاق کی نمائندگی کروں گا۔ فروغ نسیم نے کہا تھا کہ مقدمے میں صرف عدالتی معاون کے طور پر پیش ہوں گا، میرے دل میں عدلیہ،معزز جج صاحبان کیلئےعزت واحترام ہے، بطور وزیر ہمیشہ قرآن وحدیث اور آئین کی روشنی میں فیصلے کئے۔

اس سے قبل بیرسٹر فروغ نسیم نے نومبر 2019 میں بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سپریم کورٹ میں مدت ملازمت سے متعلق کیس کی پیروی کرنے کے لیے وفاقی وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور خود وفاق کے وکیل کے طور پر عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت توسیع کیس کی پیروی کے لیے مستعفی ہونے والے بیرسٹر فروغ نسیم کو کیس کا فیصلہ آنے کے بعد حکومت نے دوبارہ وزیر قانون بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے 26 نومبر وفاقی وزیر قانون کے عہدے کا دوبارہ حلف اٹھایا، وزیر اعظم عمران خان نے فروغ نسیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ آپ محنت کر رہے ہیں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، پوری کابینہ آپ کے ساتھ ہے، بطور وزیر قانون آپ حکومت کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔

Leave a reply