فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، لاہور میں یوم الارض فلسطین پر شجر کاری

0
29

لاہور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور انجمن طلبہ اسلام کے زیر اہتمام لاہور میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے تیس مارچ یوم الارض فلسطین منایا گیا۔ اس موقع پر انجمن طلباء اسلام اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے لاہور میں شجر کاری کا پروگرام منعقد کیا جس میں شہریوں نےفلسطین کاز کی حمایت اور فلسطینیوں کے بین الاقوامی دن “یوم الارض فلسطین” کی مناسبت سے شجر کاری کا اہتمام کیا۔ شجر کاری کی تقریب میں شہر کے معروف سیاسی و مذہبی عہدیداروں سمیت سول سوسائٹی اور طلباء نے شرکت کی۔

میڈیا بریفنگ کے دوران انجمن طلبہ اسلام کے صدر اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور کے ترجمان عثمان محی الدین کا کہنا تھا کہ ہر سال دنیا بھر میں تیس مارچ کو یوم الارض فلسطین منایا جاتا ہے اور فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت میں آواز بلند کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور یہ فلسطینی عربوں کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی زمینوں اور وطن میں واپس آئیں کہ جن کو ماضی میں غاصب صہیونی ریاست اسرائیل نے جبری طور پر جلا وطن کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام اور بالخصوص طلباء برادری و نوجوان فلسطین کاز کی حمایت کرتے ہیں اور تحریک آزادی فلسطین کی جدوجہد میں ہر اوّل دستہ کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کاز کی حمایت کی بانی پاکستان کی پالیسی کا تسلسل ہی نظریہ پاکستان کی بقاء کا ضامن بھی ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کاز کی حمایت اور غاصب و جعلی ریاست اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔

یوم ارض فلسطین کی تقریب میں انجمن طلبہ اسلام کے عثمان محی الدین نورانی، حافظ ابوبکر، صاحبزادہ ایوب آزاد،عبد روف اور دیگر عہدران نے شرکت کی.

Leave a reply