فلسطینیوں کی مساجد سے محبت نے چارچاند لگادیئے،غرب اردن میں ‘فجر عظیم’ کی مہم سے مساجد آباد!
غرب اردن:فلسطینیوں کی مساجد سے محبت نے چارچاند لگادیئے،غرب اردن میں ‘فجر عظیم’ کی مہم سے مساجد آباد!اطلاعات کےمطابق حال ہی میں فلسطین میں مساجد کو نمازیوں سے آباد کرنے کے لیے ‘فجر عظیم’ کے عنوان سے ایک ایمان افروز مہم کا آغاز ہوا تو اس کی بانگ اذان چار دانگ عالم میں سنی گئی۔ یہ مہم اپنی پوری شان وشوکت اور ایمانی بانکپن کے ساتھ نہ صرف جاری ہے بلکہ اس میں روزانہ کی بنیاد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کا علاقہ ان دنوں اسرائیلی فوجی چھائونی کا منظر پیش کرتا ہے مگر اس کے باوجود غرب اردن کی مساجد پانچوں نمازوں میں فرزندان توحید سے کھچا کھچ بھری ہوتی ہیں۔ کیا شہر اور کیا دیہات موسمی سختی نرمی سے قطع نظر مسلمانان فلسطین نماز فجر میں مساجد کا رخ کرتے اور اپنے گرم بستر چھوڑ کر اللہ سے لو لگاتے ہیں۔
جُمعہ کی نماز فجرمیں غرب اردن میں مساجد میں اتنے زیادہ نمازی امڈ آئے کہ مساجد میں تل دھرنے کو جگہ نہیں بچی۔ کچھھ ایسی ہی کیفیت غرب اردن کےعلاوہ غزہ اور القدس کی مساجد میں بھی تھی اور وہاں کے مسلمان بھی اللہ کے سامنے فجرکے وقت سر بہ سجود ہونے میں کسی سے پیچھے نہیں تھے۔
دوجسم یک جان ترکی اورپاکستان،تحریک خلافت سے لے کرقیام پاکستان تک،ترکی اورپاکستان
مساجد میں نماز فجرکے وقت نمازیوں کی غیرمعمولی اور غیرمسبوق حاضری کے ایمان افروز اور سبق آموز مناظر سوشل میڈیا پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ نماز فجر کے وقت مساجد میں نمازیوں کی حاضری کی تصاویر اور ویڈیوز کو سوشل میڈیا پرپوسٹ اور شیئر کرنے کا مقصد اہل ایمان کو ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ قابض صہیونی دشمن کو بھی یہ پیغام دینا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے مقدسات کے ساتھ دل وجان سے تعلق مربوط ہیں اور اپنی جانیں نچھاور کرنے کے لیے تیار ہیں۔