اسلام آباد:پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو طلب کیے جانے کا امکان:حکومتی مشن مکمل ،اطلاعات کے مطابق انتخابی اصلاحات سمیت اہم قانون سازی سے متعلق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو طلب کیے جانے کا امکان ہے جبکہ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ حتمی فیصلہ کل مشاورتی اجلاس میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو بلائے جانے کا امکان ہے،مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق قانون سازی ہو گی جبکہ ای وی ایم ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی قانون سازی ہونی ہے ۔
مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کے حوالے سے کل مشاورتی اجلاس ہوگا اوراجلاس کے بارے میں کل فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اوراتحادی جماعتوں کے وفد کی کل اہم ملاقات ہو گی، اتحادی جماعتوں کو ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ حکومتی وفد اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرے گا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کی حکومت مخالف تحریک کا جائزہ لینے، سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کے لئے وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس کل جبکہ وفاقی کابینہ کی میٹنگ منگل کو طلب کرلی ہے جس کے لئے آٹھ نکاتی ایجنڈا بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
ادھر ذرائع کےمطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے طلب کئے گئے اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی سینئر رہنما شریک ہوں گے،اجلاس دن 11 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا جس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے سے متعلق مشاورت ہو گی،اپوزیشن کے ساتھ رابطوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ انتخابی اصلاحات اور دیگر قانونی بلوں کی منظوری کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی