ڈیرہ غازی خان: سڑکوں کی تباہ حالی، کرپشن کے الزامات، لوگوں میں شدید بے چینی
ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی سٹی رپورٹرجواد اکبر)سڑکوں کی تباہ حالی، کرپشن کے الزامات، لوگوں میں شدید بے چینی
تفصیل کے مطابق شہر میں سڑکوں کی تباہ حالی اور ان کی مرمت میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے الزامات نے عوام کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے میں ہی پاسپورٹ آفس وقار کینٹین کے سامنے سڑک چوتھی بار ٹوٹ گئی ہے جو کہ کرپشن کی ایک واضح مثال ہے۔
شہر کے باسیوں کا کہنا ہے کہ انٹی کرپشن، نیب اور ایف آئی اے جیسے ادارے اس قسم کی کرپشن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے اور خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ڈاکٹر ناصر بشیر اور ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک سے عوام کی یہ اپیل ہے کہ وہ اس مسئلے پر فوری نوٹس لیں اور کسی بڑے حادثے سے پہلے کارروائی کریں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ افسران، سیاستدان اور کرپٹ ٹھیکیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
علاقہ کے لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کرپٹ ٹھیکیداروں کو جانی نقصان پہنچنے سے پہلے گرفتار کیا جائے اور انہیں بلیک لسٹ کیا جائے۔ ساتھ ہی ان ٹھیکیداروں کے فرنٹ مین جو سرکاری محکموں میں بیٹھے ہیں، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔