ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی کوریج کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور اسپورٹس نیوز ٹیلی ویژن میں شراکت داری کا معاہدہ

0
27

لاہور:ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی کوریج کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور اسپورٹس نیوز ٹیلی ویژن (ایس این ٹی وی ) میں شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا ہے، لہٰذا دنیا بھر کے نیوز براڈکاسٹرز کو 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ کے تمام میچز کی جھلکیوں تک رسائی ممکن ہوگی۔

‏ایونٹ کے تمام چونتیس میچوں کی جھلکیوں کے علاوہ ایس این ٹی وی کو میچ کے اختتام پر پریس کانفرنس کور کرنے کی اجازت بھی ہوگی۔ واضح رہے کہ ایس این ٹی وی کی جانب سے فراہم کیا جانے والا تمام مواد صرف ایڈیٹوریل مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے نیوز براڈکاسٹرز کو مذکورہ مواد سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایس این ٹی وی دنیا کی معروف نیوزایجنسی ہے۔ 1996 کو قائم ہونے والی یہ نیوز ایجنسی دنیا بھر کے 115 سے زائد ممالک میں اپنی سروسز فراہم کرتی ہے۔ جو دن کے 24 گھنٹوں میں دنیا بھر کے 1200 صحافتی اداروں کو ڈیجٹل مواد فراہم کرتی ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کی وسیع و عریض کوریج کے لیے دنیائے اسپورٹس کی ایک معروف کمپنی "ایس این ٹی وی” کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی شراکت داری پاکستان کرکٹ بورڈ کو دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں تک پہنچنے کا ذریعہ فراہم کرے گی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ 32 روزہ ایونٹ میں 36 غیرملکی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، ایس این ٹی وی سے شراکت داری کے بعد ان کھلاڑیوں کے ہم وطن بھی انہیں ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگی جو مستقبل میں غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کے لیےبھی مددگار ہوگی۔

وسیم خان نےکہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ایس این ٹی وی کو معیاری مواد فراہم کرے گا جو ایک معروف نیوزویڈیو ایجنسی کی حیثیت سے ادارے کے تشخص کو بڑھائے گا۔

ایس این ٹی وی کےمنیجنگ ڈائریکٹر جیمز ڈابس کا کہنا ہےکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ شراکت داری پر مسرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس این ٹی وی ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کی وسیع و عریض کوریج کو دنیا بھر تک پھیلائے گا۔

جیمز ڈابس نے کہا کہ ایس این ٹی وی پہلے ہی وسیع پیمانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کی کوریج کررہا ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل کی جھلکیاں اور خبریں اس ضمن میں ایس این ٹی وی کی کرکٹ سے متعلق کوریج کو مزید فروغ دے گی۔

ایس این ٹی وی ایک اسپورٹس ویڈیو ایجنسی ہے جو بہترین ڈیجٹل مواد تیار کرکے اپنےرائٹس ہولڈرز اور مختلف برانڈزکو فراہم کرتی ہے۔ دی ایسوسی ایٹ پریس اور آئی ایم جی کے ساتھ شراکت داری کے باعث ایس این ٹی وی کے کیمراز اور اسٹاف دنیا بھر میں دستیاب ہیں۔ ایس این ٹی وی دنیا بھر میں موجوداپنے شراکت داروں کو سب سے پہلے، اہم اور خصوصی مواد فراہم کرتی ہے۔
https://www.sntv.com

Leave a reply