مزید دیکھیں

مقبول

اتحاد بین المسلمین ”پیغام پاکستان“ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،سیدعبدالخبیرآزاد

حضرت امام حسین ؓ کی شہادت سے صبر،ایثار،اوراستقا مت کا درس ملتا ہے
حضرات صحابہ کرام ؓ واہل بیت اطہارؓ کی عزت و تکریم ہماری عقیدت کا محور ہے
تمام خطباء علماء اور ذاکرین محرم الحرام کے پروگرامات اور مجالس میں اشتعال انگیزتقاریر سے اجتناب کریں
اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ اس زریں اصول کو علماء اپنے سامنے رکھیں
افواج پاکستان نے دشمن قوتوں کا ایجنڈہ ناکام بنا دیا ہے‘محرم الحرام میں علماء امن و اتحاد کو اور مضبوط کریں
پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے
بادشاہی مسجد لاہور میں اتحاد بین المسلمین امن کانفرنس سے سفیر امن مولانا سید محمدعبد الخبیر آزاد،سیکرٹری اوقادف میاں ابراراحمد،ڈی جی اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری،سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر،کمشنر لاہور کیپٹن عثمان،ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ، محمد خان لغاری،مولانا مسعود قاسمی،نعیم بادشاہ و دیگر کا خطاب

بادشاہی مسجد لاہور میں مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام اتحاد بین المسلمین کانفرنس مولانا سیدمحمد عبدالخبیر آزادخطیب بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کی زیر صدارت منعقد ہوئی،جبکہ اس کانفرنس میں بطور مہمانان خصوصی میں میاں ابرار احمد سیکرٹری و چیف ایدمنسٹریٹر اوقاف پنجاب، ڈاکٹر سید طاہر رضابخاری ڈی جی مذہبی امور اوقاف پنجاب،غلام محمود ڈوگر سی سی پی او لاہور اور کیپٹن عثمان کمشنر لاہور شریک ہوں گے،کانفرنس کے مقریرین حضرات میں مفتی مبشر احمد،مولانا مسعود قاسمی قاسمی،مولانا رجیع اللہ،علامہ سید جواد حسین نقوی،پیر ولی اللہ شاہ،علامہ مشتاق جعفری،حافظ اسد عبید،مولانا شکیل الرحمان ناصر، مولانا نعیم بادشاہ،مفتی عاشق حسین شاہ،سردار محمد خان لغان،پیر زادہ عثمان نوری،مولانا اسد اللہ فاروق، صاحبزادہ شعیب الرحمان،صاحبزدہ قاسم قاسمی،قاضی عبدالٖغفار،مولانا عبدالستار نیازی،آغا قضرباش،مولانا عبدالرحمن، سید محمد عبدالقدیر آزاد،سیدمحمد عبدالبصیر آزاد،حافظ سیدمحمد عبدالرازق آزاد،حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد،مولانا بلال،محمود غزنوی ودیگر رہنماؤں نے خطاب کیا،

مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا مقصد بھائی چارے کی فضاء کو قائم کرنا ہے،ملک میں وحدت اور اتحاد کو پیدا کرنا ہے اور ہمارے دین اسلام کا بھی یہی پیغام ہے کہ واعتصموا بحبل اللہ جمیعا ولاتفرقوا پر عمل پیرا ہو جا ئیں،کہ اللہ کی رسی کو سب کے سب مضبوطی سے تھام لو اور تفرقات میں مت بٹو،سیدنا فاروق اعظم ؓاورسیدنا امام حسینؓ کی شہادتیں ہمیں صبر‘ ایثار‘ قربانی اور برداشت کا درس دیتی ہیں‘میں علماء و خطباء اور واعظین سے یہی توقع رکھتا ہوں کہ وہ قرآن کریم کے اس حکم اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے اپنا مثالی کردار ادا کریں اور اپنے خطبہ یا تقریر میں ایسی کوئی بات نہ کہیں کہ جس سے کسی کی دل آزاری ہو، مولانا عبد الخبیر آزاد نے علماء اورذاکرین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اِتحاد بین المسلمین اور”پیغام پاکستان“ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے‘ علماء و ذاکرین محرم الحرام اور عاشوریٰ محرم کے پرو گرامات میں ایسی اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں جس سے کسی دوسرے کی دل آزاری ہو اور جلوسوں کے ٹائم ٹیبل کا خیال رکھیں،روٹس کی پابندی کریں،لاؤ ڈ اسپیکر کے غلط استعمال سے گریز کریں،پیغام پاکستان کی روشنی میں دیے گئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں اور تمام مسالک و مذاہب کے عقائد و نظریات اور ان کے مذہبی مقامات و عبادتگاہوں کا احترام کریں اور اس زریں اصول کہ اپنے ”مسلک کو چھوڑو نہ اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ“پر عمل پیر ا ہوں،اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے حضرات صحابہ کرامؓ واہل بیت اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ایام کواپنے اپنے عقیدے کے مطابق منائیں اوران کے مقام و عظمت کو بھر پور خراج عقیدت پیش کریں،

مولانا آزاد نے مزید کہا کہ ”پیغام پاکستان“ کے مثبت اثرات سامنے آچکے ہیں اور ”پیغام پاکستان“ نے دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو ناکام بنا دیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے قربانیاں دے کر ملک کو مضبوط بنایا ہے کانفر نس سے سیکرٹری اوقاف میاں ابرار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کا فورم وہ فورم ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام موجود ہیں جنہوں نے ہمیشہ اتحاد و محبت کی فکر کو عام کیا ہے اور اس کو لیکر آگے بڑھے ہیں،ڈی جی اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضابخاری نے کہا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے جو امن اخوت اور بھائی چارے کو عام کرنے کی دعوت دیتا ہے،اتحاد بین المسلمین کا پلیٹ فارم ہمیشہ بین المسالک ہم آہنگی میں سنگ میل ثابت ہوا ہے اس فورم نے ہمیشہ ایک عظیم کردارادا کیا ہے،اور پنجاب میں یکم محرم الحرام سے پہلے اس فورم نے جو خدمات پیش کی اورپنجاب کے نو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں امن کمیٹی کے تمام عمائدین سے مل کر امن کوقائم رکھنے کے لیے جو امن فارمولااپنایا ہے انشاء اللہ وہ قیام امن کو یقینی بنائے گا،سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے بین المسالک ہم آہنگی کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،علماء کو لیکر ہم نے پچھلے سال امن قائم کرنے میں علماء نے جو کردار ادا کیا تھا اس سال عاشوریٰ محرم میں اُس سے بڑھ کر ادا کر رہے ہیں،میں امید رکھتا ہوں کہ آج کی اتحاد بین المسلمین کانفرنس قومی یکجہتی کو پیدا کرنے میں اہم کردار اد ا کرے گی،کانفرنس سے کیپٹن عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کی کامیاب کانفرنس پر مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،اگر علماء کرام اسی طرح یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھتے رہے تو ہم اپنے وطن پاکستان کو مزید مضبوط و مستحکم بنا سکیں گے،کانفرنس سے دیگر مقررین حضرات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہی مسجد اتحاد امت کا وہ پلیٹ فورم ہے جس نے ہمیشہ بین المسالک ہم آہنگی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے اور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد اپنے والد گرامی مولانا سیدمحمد عبدالقادر آزاد(مرحوم) کے اتحاد و وحدت کے مشن کو پور ے ملک میں لے کر آگے بڑھ رہے ہیں،یہ اتحاد بین المسلمین کی بنیاد مولانا سید محمد عبدالقادر آزادؒ نے ہی رکھی تھی جوآج ایک تناول درخت اور خوبصورت گلدستہ بن چکا ہے جس کی خوشبو ہمیں پورے پاکستان میں نظر آتی ہے،جو ضابطہ اخلاق پیغام پاکستان کی روشنی میں علماء کرام کو دیا گیا ہے اس کو ممبر و محراب کے ذریعے عام کیا جائے گا جو امن کی فضاء کوقائم رکھنے میں سنگ میل ثابت ہو گا،آخر میں لسبیلہ بلوچستان میں افواج پاکستان کے شہداء کی مغفرت اور درجات کی بلندی،محرم الحرام میں قیام امن،ملک کی سلامتی،استحکام،ترقی و خوشحالی،حرمین شریفین کے تحفظ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعاء کی گئی۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan