پیمرا نے میڈیالوجک پر جرمانہ اور پابندی عائد کر دی

اسلام آباد(باغی ٹی وی رپورٹ)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے میڈیالوجک پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کو ٹیلی ویژن آڈینس میژرمنٹ (TAM) سروسز کی فراہمی فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے اور کمپنی پر ایک ملین روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ کارروائی پیمرا کی جانب سے 26 اگست 2024 کو جاری کردہ شوکاز نوٹس، کمپنی کے 31 اگست 2024 کے جواب اور 12 ستمبر 2024 کو دی گئی سماعت کے موقع پر کی گئی وضاحتوں کے بعد عمل میں لائی گئی۔

پیمرا کے مطابق میڈیالوجک نے اپنی تکنیکی سیٹ اپ کو لاہور کے فیز IV، DHA سے فیز V، DHA منتقل کر دیا، جو پیمرا آرڈیننس 2002 (ترمیمی ایکٹ 2023) اور TAM ریگولیشنز 2018 (ترمیم شدہ 2024) کی خلاف ورزی ہے۔ پیمرا کے قوانین کے تحت کسی بھی رجسٹرڈ TAM کمپنی کے لیے اپنی تکنیکی سیٹ اپ کی منتقلی سے قبل پیمرا سے منظوری لینا لازمی ہے تاکہ ٹی وی ریٹنگز کے ڈیٹا کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

پیمرا نے اس اقدام کو تکنیکی معائنہ کے عمل میں رکاوٹ قرار دیا اور کہا کہ میڈیالوجک نے اپنی نئی لوکیشن کے بارے میں معلومات چھپا کر معائنہ سے بچنے کی کوشش کی۔ کمپنی کی جانب سے دی گئی وضاحتیں اور سماعت کے دوران پیش کیے گئے دلائل پیمرا کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔

نتیجتاً پیمرا نے کمپنی پر ایک ملین روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے یہ رقم فوری طور پر جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ مزید برآں میڈیالوجک کی TAM سروسز کے لائسنس کو 30 دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر کمپنی نے فوری طور پر TAM سروسز کی فراہمی بند نہ کی اور جرمانہ جمع نہ کرایا تو پیمرا آرڈیننس 2002 (ترمیمی ایکٹ 2023) کی دفعہ 30 کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.