پیمرا کی جانب سے احسن خان کے شو پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد

پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے اداکار احسن خان کے شو میں تفریخ کے لئے جانوروں کی نمائش کرنے پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔

باغی ٹی وی : پیمرا کی جانب سےہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ فیض اللہ خان نیازی کے احسن خان کےایک نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے شو،ٹائم آؤٹ ود احسن خان، کےخلاف شکایت کرنے پر احسن خان پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ایڈوکیٹ فیض اللہ خان نیازی نے ٹوئٹر پر احسن خان کے شو کےخلاف نجی ٹی وی چینل کو جاری کیے گئے نوٹس کی تصاویر شئیر کرکےاس خبر کی تصدیق کی ہے۔


ایڈووکیٹ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ احسن خان نے اپنے پروگرام ،ٹائم آؤٹ ود احسن خان، میں جانوروں کو تفریح کیلئے اور بطور پراپس استعمال کیا۔

فیض اللہ خان نیازی نے کہا کہ پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس ( سی او سی) نے اپنی 106ویں اجلاس میں جانوروں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بے وجہ تکلیف اور درد سے بچانے کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ سی او سی نے جانوروں کے حقوق کو برقرار رکھا اور انہیں ہونے والے غیر ضروری درد اور تکلیف کو روک دیا۔

پیمرا نے احسن خان کی جانب سے پروگرام میں جانوروں کو لانے پر نجی چینل ایکسپریس نیوز پر 5لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلے میں تحریر کیا ہے کہ کونسل کو سننے کے بعد یہ طے کیا ہے کہ اس پروگرام میں جانوروں کو جس انداز میں پیش کیا گیا وہ ان کیلئے بے وجہ درد اور تکلیف کا باعث بنا ہے۔

پیمرا کے مطابق پاکستان کے آئین کی شق 4 اور 9 کے تحت جانوروں کو ایسی تکلیف کا نشانہ بنانا سختی سے منع ہے۔

واضح رہے کہ احسن خان نے اپنے پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں ایک خرگوش کو بطور پراپس استعمال کرتے تھے اور مہمانوں سے سوال و جوابات کے دوران اگر کوئی غلط جواب دیتا تھا تو اس خرگوش کو مہمان کی گود میں بٹھادیا جاتا تھا۔


اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے احسن خان کا کہنا تھا کہ یہ پالتو خرگوش ہیں اور ان کا مالک خود انہیں سیٹ پر لاتا ہے ، ہم پوری طرح اس چیز کا خیال رکھتے ہیں کہ ریکارڈنگ کے دوران ان کا پیٹ بھرا ہو اور انہیں کوئی مسئلہ نہ ہو، یہ ریکارڈنگ کے دوران بالکل بے آرام نہیں ہوتے اور بہت آرام سے ہاتھوں میں آجاتے ہیں-

انہوں نے مزید کہا کہ میں خود پالتو جانورں کا شیدائی ہوں میرے گھر پر کتے، بلی، طوطے اور مرغیاں ہیں اور میں ان سب کو اپنے بچوں کی طرح سمجھتاہوں، ہم انہیں آرام دہ ماحول فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں، ہم جانوروں کا خیال کرنے والے لوگ ہیں ، سیٹ پر بھی ہم یہی کرتے ہیں۔

Leave a reply