fbpx

پیپلزپارٹی کا پی ڈی ایم کےعہدوں سے مستعفی ہونے پرجے یو آئی کے سینیئر رہنما مولاناعبدالغفورحیدری کا ردعمل

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے عہدوں سے مستعفی ہونے کے پاکستان پیپلزپارٹی کے فیصلے پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کا ردعمل سامنے آگیا۔جے یو آئی کے سینیئر رہنما مولاناعبدالغفورحیدری کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی نے آج سیاسی خودکشی کرلی ہے، حکومت کے خلاف تحریک وہی چلاسکتے ہیں جنھوں نے کشتیاں جلا رکھی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفے اس وقت دیتی جب انہوں نے باپ سے ووٹ لیے تھے، پیپلزپارٹی عمران خان کی حکومت کو سہارا دےرہی ہے، پیپلزپارٹی جوکررہی ہے، اس کا جواب عوام اگلے الیکشن میں دیں گے۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ڈی ایم اےاین پی اور پیپلز پارٹی سے معافی مانگے گی؟ اس پر غفور حیدری کا کہنا تھاکہ معافی کس بات کی؟غلطیاں اور چالاکیاں وہ کریں اور معافی ہم کیسے مانگیں؟ پیپلز پارٹی کے جانے کی خوشی ہوئی، اب ہم یکسوئی سے تحریک چلائیں گے۔ غفور حیدری سے مزید سوال کیا گیا کہ کیا پی ڈی ایم کے دوبارہ اکھٹے ہونے کی کوئی گنجائش ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی کا صرف ایک ہی راستہ ہے، یوسف رضا گیلانی استعفی دیں اس کے بعد اگلی بات ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.