پرویز الہٰی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جاسکتا ہے:ملک احمد خان

0
34

لاہور:وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ عطا اللہ تارڑ کے پاس ایسے ثبوت موجود ہیں جن کی بنیاد پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جاسکتا ہے۔

نجی ٹی وی میں گفتگو میں ملک احمد خان کا کہنا تھاکہ مشکوک لین دین ہوئی جس کا پرویز الٰہی حکومت سے بڑا واضح تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک معاملے کی تحقیقات جاری ہیں تب تک پرویزالٰہی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

اس حوالے سے ماہرِ قانون سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ کسی کو روکنے کیلئے ای سی ایل ایک انتظامی طریقہ ہے، اس کا کوئی قانونی تصور نہیں، اگر نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تو پرویز الٰہی اسے عدالت میں چیلنج کرسکتے ہیں۔

اس سے پہلے لاہورہائیکورٹ میں سابق وفاقی وزیر و وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کی بیرون ملک جانے سے روکنےکی لسٹ میں نام ڈالنے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔مونس کی اہلیہ نے بیرون ملک جانے سے روکنے کی لسٹ میں نام ڈالنے کا اقدام چیلنج کردیا

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی، ان کی اہلیہ اور مونس الٰہی کی اہلیہ سمیت 9 افراد کے نام پرویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) پر ڈال دیے ہیں۔مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی نے نام پی این آئی لسٹ میں ڈالنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے ان کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔ جسٹس شہرام سرور تحریم الٰہی کی درخواست پر جمعرات کو سماعت کریں گے۔

Leave a reply