پشاور، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ، 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ4 جوان شہید ہو گئے

0
71

پشاور کے علاقے حسن خیل میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ دہشتگردوں سے مقابلے میں مادر وطن کے 4 بہادر بیٹے شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24 سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34 سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ اور اے ایس آئی محمد اکرم شامل ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم بھی شامل ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، حکومت نے اس کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا اور 26 مئی کو کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللّٰہ شہید کی شہادت کا بھی ذمہ دار تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز امن یقینی بنانے کےلیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Leave a reply