کراچی: پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے چیئرمین پی سی بی کے حالیہ بیان پر احتجاج کرتے ہوئے پی ایس ایل ڈرافٹنگ کی تقریب کا بائیکاٹ کردیا ہے
اس سے پہلے چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ غیر ملکی پشاور جانے سے گھبراتے ہیں، پشاور اب بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے ریڈ فلیگ زون ہے۔رمیز راجہ کی بات پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور اب پی ایس ایل کے سربراہ جاوید آفریدی نے بھی اس بیان پر اپنی ناراضگی کا اظہار کردیا ہے۔
کراچی میں پی ایس ایل 8 کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ جاری ہے اور تمام فرنچائزز کے سربراہان اپنے اپنے تھنک ٹینکس کے ہمراہ موجود ہیں لیکن پشاور زلمی کے ساتھ اس کے مالک ہی موجود نہیں۔پشاور زلمی کے حکام کا کہنا ہے کہ جاوید آفریدی نے ایونٹ میں شرکت نہ کرکے اپنا خاموش احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ادھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز نے سابق جنوبی افریقی آل راؤنڈر جوہان بوتھا کو نیا ہیڈکوچ نامزد کردیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کراچی کنگز نے سابق جنوبی افریقی کرکٹر جوہان بوتھا کو ہیڈکوچ نامزد کرنے کا اعلان کیا، وہ 2017 اور 2020 کے سیزن میں کنگز کے بطور فیلڈنگ کوچ خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس سے قبل پیٹر مورز نے گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کی کوچنگ کی تھی تاہم 10 میچز میں سے ایک کامیابی سمیٹ سکی تھی، رواں سیزن میں کوچ کے علاوہ فرنچائز نے کپتان بابراعظم کی پشاور زلمی میں شمولیت کے بعد عماد وسیم کو دوبارہ کپتان بنادیا ہے۔یاد رہے کہ سال 2020 میں کراچی کنگز کی ٹیم نے عماد وسیم کی کپتانی میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔