پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، نوٹیفکیشن ہوا جاری

0
21

حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے جس پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے،

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے، اب پیٹرول کی نئی قیمت 113.24 روپے فی لیٹر ہوگی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 67 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے،

وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے کمی کی گئی ہے لہٰذا اب مٹی کے تیل کی قیمت 103.84 روپے سے کم کر کے 99.57 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، اسی طرح یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 63 پیسے کم ہو کر 91.89 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے ہوگا،

واضح رہے کہ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک دن قبل ٹویٹ کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں‌ میں‌ کمی کی خوشخبری سنائی تھی تاہم وزارت خزانہ نے اس پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاون خصوصی کا نہیں بلکہ متعلقہ وزارت کا استحقاق ہے کہ وہ تیل قیمتوں میں رد وبدل کا اعلان کرے، میڈیا پر پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں لیکن آج وزارت خزانہ کی طرف سے باضابطہ طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو کسی حد تک ریلیف ملنے کا امکان ہے جو مہنگائی کی چکی میں بری طرح پسے ہوئے ہیں،

Leave a reply