پی آئی اے کا خصوصی طیارہ اچانک چین روانہ، وجہ کیا؟

0
25

پی آئی اے کا خصوصی طیارہ اچانک چین روانہ، وجہ کیا؟

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کا خصوصی طیارہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر امدادی سامان لانے کیلئے بیجنگ روانہ ہو گیا ہے

پی آئی اے کی پرواز پی کے 8852 اسلام آباد سے بیجنگ کیلئے روانہ ہو گئی،پروازکل صبح ایک بجے بیجنگ سے 52 ٹن سے زیادہ سامان لے کر اسلام آباد پہنچے گی،سامان میں حفاظتی کٹس ، ماسک، ٹسٹینگ کٹس اور دیگر آلات شامل ہیں،

پاکستان میں کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے چین سے مسلسل طبی آلات بھیجے جارہے ہیں، آج بھی ایک طیارہ چین سے پاکستان پہنچا ہے اور گزشتہ آٹھ روز میں چین سے طبی امدادی سامان لانے والا یہ چھٹا کارگو طیارہ ہے۔ آج آنے والے امدادی سامان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی کٹس اور ماسک و دیگر خصوصی آلات شامل ہیں۔

قبل ازیں 27 مارچ کو بھی ایک امدادی طیارہ کراچی پہنچا تھا، جس کا استقبال گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کیا تھا جبکہ اس پہلے آنے والے طیارے کو وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے امدادی سامان وصول کیا تھا۔چین کی جانب سے گلگت میں بھی طبی سامان بھجوایا گیا ہے، چین کے ڈاکٹرز کی ایک ٹیم بھی پاکستان میں موجود ہے ،

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کی طرف سے بھجوائے گئے امدادی سامان کواسلام آباد ایئر پورٹ پر وصول کیا تھا . سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور چیرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے 8 رکنی چینی طبی ماہرین کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمو دقریشی کا کہنا تھا کہ چینی طبی ماہرین کی معاونت سے کورونا کے خلاف نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی اور اس وبا سے نمٹنے کیلئے ہماری استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ چین کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی بھرپور معاونت کر رہا ہے ملک میں وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھا رہے ہیں پاکستان اور چین کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے قریبی اشتراک عمل اور تعاون جاری رکھیں گے۔ چین نے ایک بارپھر ثابت کر دیا کہ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چین نے جس بہترین نظم و ضبط کیساتھ اس وباء پر قابو پایا وہ دنیا کیلئے ایک مثال ہے، کرونا کے حوالے سے پاکستان چینی ڈاکٹرز کے علم، تجربے اور مہارت سے بھرپور استفادہ کرے گا۔ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا آئرن برادرز کی ایک شاندار روایت ہے، دونوں ممالک کے عوام کو اس مخلصانہ دوستی پر فخر ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے تعاون ہو یا مسئلہ کشمیر پر ہمارے اصولی موقف کی حمایت، چین ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کی توقعات پر پورا اترا ہے۔

قبل ازیں چند روزقبل وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر یاؤجنگ نے ملاقات کی جس میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کےفراہم کردہ طبی سامان سے پاکستان کی طبی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔

دوسری جانب چینی سفیر نے پاکستان کی حمایت پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھےگی، دونوں ممالک ترجیحی بنیادوں پر کرونا کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں گے

Leave a reply