پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف درخواست ،وفاقی حکومت کو نو ٹس جاری

پرائیوٹائزیشن کمیشن 31 اکتوبر کو نجکاری کرنے جا رہی ہے

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل رکوانے کے لیے دائر پٹیشن سماعت کے لیے منظور کر لی۔

باغی ٹی وی : پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف پٹیشن پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس محمد رضا قریشی نے سماعت کی، نزاکت حسین ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی-

درخواستگزار کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پرائیوٹائزیشن کمیشن 31 اکتوبر کو نجکاری کرنے جا رہی ہے جبکہ نجکاری کے حوالے سے ابھی تک ویلیو ایشن بھی نہیں ہوئی تو فروخت یا نجکاری کیسے ممکن ہے؟

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ پی آئی اے نجکاری عمل روکنے کا حکم جاری کیا جائے جس پر عدالت نے قرار دیا کہ نجکاری کے عمل میں ایک وقت لگتا ہے، آئندہ سماعت پر فریقین کو سن لیتے ہیں بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر کے 5 نومبر کو جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ پی آئی کی نجکاری رواً ماہ یکم اکتوبر کو ہونی تھی جو نہیں ہوئی یکم اکتوبر کو ہونے والے بولی کے عمل کو ملتوی کرنے سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم سیکریٹری نجکاری عثمان اختر باجوہ نے بتایا تھا کہ بولی لگانے کی تاریخ کو آگے بڑھا کر 31 اکتوبر کر دیا گیا ہے کیونکہ اس عمل میں حصہ لینے والے کچھ مزید وقت لینا چاہتے تھے-

نجکاری کمیشن نے ابتدائی طور پر 6 بولی دہندگان کو اہل قرار دیا ہے، جن میں فلائی جناح، وائی بی ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی سربراہی میں ایک کنسورشیم، ایئر بلیو لمیٹڈ، پاک ایتھانول (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی سربراہی میں ایک کنسورشیم، عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ اور بلیو ورلڈ سٹی شامل ہے۔

Comments are closed.