پی آئی اے پرواز کی دبئی میں ایمرجنسی لینڈنگ

دبئی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کی فنی خرابی دور کی جا رہی ہے
pia

لاہور: قومی ایئر لائن پی آئی اے کی دبئی سے پشاور کی پرواز میں فنی خرابی کے باعث ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی۔

باغی ٹی وی : ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 284 میں روانگی کے فوری بعد خرابی پیدا ہوئی تھی، ایئر ٹریفک کنٹرولر دبئی کی ہدایت پر طیارے نے 50 منٹ بعد واپس لینڈنگ کی، مسافروں کو طیارے سے اتار کر لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے، اس کا معائنہ کیا جا رہا ہے، پرواز نے آج صبح 9 بجے پشاور پہنچنا تھا۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ دبئی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کی فنی خرابی دور کی جا رہی ہے، پرواز پی کے 284 دبئی سے 1 گھنٹے بعد پشاور روانہ ہو گی۔

قبل ازیں غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز جی 9512 متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ جا رہی تھی کہ اس دوران 42 سالہ مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کپتان نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

بتایا گیا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر کراچی کی اجازت سے طیارے نے کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ کی جہاں کراچی ائیر پورٹ پر سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے مسافر کا معائنہ کیا تو اس کا پہلے ہی انتقال ہو چکا تھا، ضابطے کی کارروائی کے بعد میت ائیر لائن کے سپرد کر دی گئی جس کے بعد طیارہ میت لے کر کراچی ائیر پورٹ سے اپنی منزل ڈھاکہ روانہ ہوگیا۔

چند روز قبل خلیجی ملک قطر سے آنے والی غیرملکی پرواز نے بھی کراچی میں ہنگامی طور پر لینڈنگ کی تھی، قطر ایئرویز کی فلائیٹ کیو آر 652 دوحہ سے نیپال کے شہر کٹھمنڈو کی جانب محو پرواز تھی کہ اس دوران پاکستان کی فضائی حدود میں ایک مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی، مسافر کی طبیعت خراب ہونے کے باعث طیارے کے پائلٹ نے ایئرٹریفک کنٹرولر کراچی سے رابطہ کرکے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اجازت ملنے پر ایئرٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر پائلٹ نے اندرون سندھ سکھر سے طیارے کا رخ شہر قائد کی جانب موڑ دیا اور قطر ایئر ویز پرواز کیو آر 652 نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ کراچی پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی، لینڈنگ کے بعد سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم کی طرف سے مسافر کا طبی معائنہ کیا گیا۔

اس سے پہلے خلیجی ملک عمان سے بھارت جانے والے غیرملکی طیارے نے بھی کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی، غیر ملکی طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے، غیرملکی ایئرلائن کی فلائٹ مسقط سے بھارتی ریاست کیرالا کی طرف پرواز کر رہی تھی کہ اس دوران عمان سے تعلق رکھنے والے مسافر کو دل میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی گئی، ہنگامی لینڈنگ سے قبل سول ایوی ایشن اور وفاقی وزارت صحت کے ڈاکٹروں کو کراچی ایئرپورٹ پر تیار رہنے کی ہدایت کی گئی، طیارہ میڈیکل ایمرجنسی کے طور پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کیا، جس کے بعد بیمار مسافر کو اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ آف لوڈ کرکے کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

Comments are closed.