وزیراعظم کمیٹی پر کمیٹی بنانے کی بجائے کراچی کو 162 ارب دیں،سعید غنی بھی میدان میں آ گئے

0
28

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹی کے قیام پر پیپلز پارٹی بھی میدان میں آ‌گئی، سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کیلئے صرف کمیٹی پر کمیٹی بنا رہے ہیں ،وفاقی حکومت اگر کراچی کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے تو فوراً 162 ارب روپے جاری کرے

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی پر 1.9 ارب ڈالر خرچ کررہی ہے ،سندھ حکومت کراچی میں پانی اور سیوریج کی لائینوں کی بڑے پیمانے پر تبدیلی کرنے جارہی ہے،کراچی میں ٹرانسپورٹ کے لیے 2 نئے منصوبے ریڈ لائن اور یلو لائن شروع کررہے ہیں ،

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال کراچی کے شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 22 ارب روپے خرچ کریں گے،وفاقی حکومت اگر کراچی کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے تو فوراً 162 ارب روپے جاری کرے ،

انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کراچی کے لوگوں سے ہمدردی رکھتے ہیں تو 1200 کیوسک اضافی پانی کی منظوری دیں ،

سعید غنی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کراچی میں گندگی پھیلانے پر علی زیدی کے خلاف کارروائی کی جائے،

کراچی کے مسائل،اراکین کے وزیراعظم کو شکوے،خود کراچی جاؤں گا ،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کے مسائل کے حوالہ سے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم اگلے ہفتے کراچی جائیں گے،گورنر سندھ کی وطن واپسی پر وزیراعظم کے دورہ کراچی کو حتمی شکل دی جائے گی ،وزیراعظم عمران خان کو کراچی کا فضائی دورہ بھی کرایا جائے گا،اجلاس میں پارٹی ارکان نے وزیراعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگا دئیے، اراکین نے وزیراعظم عمران خان سے شکوہ کیا کہ سندھ حکومت کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہی،وزیراعظم دورہ کراچی میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے،

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے، ماضی کی بد انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، وزیرِ اعظم نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کراچی کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کےلئے وفاقی حکومت کی جانب سے قلیل، وسط اور طویل المدت لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے اپنی زیر صدارت کراچی صفائی مہم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا ۔ اجلاس میں وفاقی وزراء بیرسٹر فروغ نسیم، مخدوم خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی، سید علی حیدر زیدی، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، ممبر قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی، ممبر ان سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ ، ڈی جی فرنٹیر ورکس آ رگنائیزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی کی عوام کو درپیش مسائل خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی، ماس ٹرانزٹ سسٹم و دیگر اہم ایشوز پر تفصیلی گفتگو کی گئی.

وزیراعظم عمران خان نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی وزیر قانون، وزیر بحری امور، وزیر منصوبہ بندی، ڈی جی ایف ڈبلیو اور دیگر ممبران پر مشتل ہوگی۔ کمیٹی کو مجوزہ لائحہ عمل کے بارے میں سفارشات جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

Leave a reply