وزیراعظم کی شاہ سلمان، سعودی اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کو عید کی مبارکباد

0
30

لاہور:وزیراعظم کی شاہ سلمان، سعودی اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کو عید کی مبارکباد ،اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان، سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارک باد دی۔

عید کے موقع پر ابوظہبی کے ولی عہد کو فون کر کے وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کی قیادت، عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، جبکہ امارات کا اقتصادی وفد پاکستان بھجوانے پر شکریہ کا اظہار کیا۔شیخ محمد بن زید النہیان نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کوعیدالفطر کی مبارکباد دی۔

ابو ظہبی کے ولی عہد نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی طویل المدتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ وزیر اعظم نے یو اے ای کے اپنے حالیہ دورے کے دوران اپنے وفد کی پرتپاک میزبانی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید تیز کرنے کے لئے یو اے ای کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے یو اے ای کے حالیہ دورے کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا معاشی وفد بھجوانے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جو دونوں برادر عوام کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔

شہباز شریف نے ولی عہد کو اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اشتراک عمل اور عالمی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کے لئے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ادھر وزیر اعظم نے ٹویٹر پر اپنے تہنیتی پیغام میں سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سلطنت سعودی عرب گہری روابط اور تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سلطنت سعودی عرب کے عوام کو عید الفطر کی مبارک بھی دی۔

Leave a reply