اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی طور پر چینی کی قلت پیدا کر کے قیمت میں اضافے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت کردی۔
باغی ٹی وی : وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت چینی کی کھپت و رسد اور مقررہ قیمتوں پر عام آدمی کو فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو چینی کی کھپت و رسد اور موجودہ قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو چینی ذخیرہ کرنے، قیمتوں پر سٹہ کھیل کر اس میں مصنوعی اضافے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ کی شہری پر براہ راست فائرنگ، دفاتر عارضی طور پر سیل
شہباز شریف نے چینی کی کھپت اور رسد پر کڑی نظر رکھنے اور متعلقہ حکام کو شوگر ملوں کے ساتھ چینی کی کھپت و رسد کی نگرانی کے لئے روابط مربوط کرنے کی ہدایت کردی کہا کہ ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے، مصنوعی طور پر بحران کی فضا پیدا کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عام آدمی کا مافیا کے ہاتھوں قطعاً استحصال نہیں ہونے دیں گے۔
دوران اجلاس وزیرِ اعظم نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو چینی کی مقررہ قیمت پر عوام کو فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی فٹبال کھلاڑی محمد ریاض سے ملاقات،25 لاکھ روپے کا چیک دیا