وزیراعظم کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا جائزہ اجلاس، اہم فیصلے

0
13

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا جائزہ اجلاس، اہم فیصلے

باغی ٹی وی رپورٹ کےمطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لئے گھروں کی تعمیر اورتعمیرات کے شعبے کے فروغ کےلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا

اجلاس میں چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل(ر) انور علی حیدر اور سینئر افسران شریک جبکہ گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر،سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین، عارف حبیب، مدثر خان، عقیل کریم ڈھیڈی، حسن بخشی و دیگر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت

چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے بتایا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں تعمیرات کے شعبے کے فروغ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تعمیرات کے شعبے سے متعلقہ ماہرین پر مشتمل تھنک ٹینک تشکیل دیا گیا ہے جس نے تعمیرات کے شعبے کے فروغ خصوصاً کم آمدنی والے افراد کے لئے گھروں کی تعمیر کے لئے مالی وسائل کے انتظام اور اس ضمن میں اختیار کیے جانے والے طریقہ کار سے متعلق سفارشات مرتب کی ہیں ۔

تعمیرات کے شعبے میں مراعات کے حوالے سے بتایا گیا کہ املاک کی ٹرانسفر اور ریجسٹریشن کے ضمن میں عائد فیسوں میں خاطر خواہ کمی لائی گئی ہے اور اس کا اطلاق پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخواہ میں کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے ڈویلپرز اور بلڈرز کی سہولت کاری کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ تعمیرات کے شعبے میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے باآسانی مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں تعمیرات کے شعبے کے فروغ کے حوالے سے قائم کیے جانے والے تھنک ٹینک کی سفارشات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ معیشت کی روانی کے حوالے سے موجودہ حکومت کا سب سے اہم منصوبہ ہے جس سے کئی وابستہ صنعتوں کا فروغ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے تعمیرات کے شعبے کے فروغ پر خصوصی توجہ دی ہے تاکہ جہاں تعمیرات کے شعبے کو فروغ دیا جائے اور کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے وہاں مزدور اور غریب افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی تکمیل کے لئے تیس ارب روپے کی معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد کو ذاتی چھت فراہم کرنے کے منصوبے کو آگے بڑھایا جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کمرشل بنکوں سے مشاورت سے تھنک ٹینک کی سفارشات کو حتمی شکل دی جائے تاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبوں کے لئے مالی وسائل پیدا کرنے کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت سٹیٹ بنک ، متعلقہ وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ صوبائی محکموں کے نمائندوں پر مشتمل خصوصی سیل تشکیل دیا جائے تاکہ کوارڈینیشن کو بہتر کرتے ہوئے تعمیرات سے متعلقہ ایشو ز کا فاسٹ ٹریک بنیادوں پر حل یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a reply