پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان کی تکمیل نہیں ہو سکتی۔
مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام شیخوپورہ میں یکجتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں بڑی تعدا د میں شہری شریک ہوئے اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا، شرکا نے پلے کارڈ ز اور بینرز اٹھا رکھے تھے،ترجمان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم یکجہتی کشمیر ریلی میں پہنچے تو ان کا شاندار خیر مقدم کیا گیا، پھولوں کے ہار پہنائے گئے،یکجہتی کشمیر ریلی سے میاں حبیب الرحمن جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ شیخوپورہ ،عدیل عامر صدر مسلم یوتھ لیگ وسطی پنجاب ،چوہدری شہزاد علی ورک ،چوہدری طارق محمود گجر نائب صدر شیخوپورہ مرکزی مسلم لیگ ،حاجی محمد یعقوب چہل،حاجی وقار مرتضیٰ ،مرزا علی عابد ،امانت علی گجر ،شمعون بھٹہ،ملک اعظم طاہر ،مفتی عبدالرحمان مظہر ،حافظ شیر افگن ،ڈاکٹر عتیق الرحمن نے بھی خطاب کیا،شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم کا کہنا تھا کہ دنیا کے حالات بدل چکے ہیں ،پچھلے چند سالوں و ماہ کے اندر بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، برہان وانی جیسے نوجوانوں سمیت کتنے ہی گمنام شہید قربانیاں پیش کرگئے ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ، بھارت ہمیشہ سے پاکستان کے خلاف مضحکہ خیز سازشیں کرتا رہا لیکن وہ ہمیشہ ناکام رہا ، بھارت نے ہر سطح پر پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ،سیاسی و لسانی و مسلکی بنیاد پر لڑوانے کی کوشش کی ،بھارت کو یہ اندیشہ تھا کہ اگر پاکستانی متحد ہوگئے تو یہ اپنی شہ رگ چھڑا کر لیجائیں گے ،دنیا میں فساد مچانے والا امریکہ آج اپنے ملک میں انڈوں کی بڑھتی قیمت پر پریشان ہے اور پاکستان آج تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔تابش قیوم کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کو سہولیات دینے کے نام پر بھارت کشمیر میں اپنے فوجی اڈے مضبوط کررہا ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کشمیریوں کو ساتھ استقامت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں ، ہم وہ مرکزی مسلم لیگ ہیں جن کے ورثاء نے پاکستان بنایا ، ہم آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہیں ،انہوں نے پاکستانی 24 کڑور عوام سے ساتھ دینے کی اپیل کی ہم ان کے ساتھ متحد ہوکر کھڑے ہیں ،کشمیری قیادتیں سید علی گیلانی ،آسیہ اندرابی ،قاسم فکتو قید ہیں اور دوسری طرف کشمیر کے محسن پاکستان میں قید ہیں ، شیخوپورہ کے عوام اس بات کا عزم کریں گے ہم شہ رگ ہر صورت چھڑائیں گے ۔ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم نے درست کہا غزہ اور کشمیر میں بنیادی فرق ہے یہ کہ غزہ کے پیچھے پاکستانی فوج نہیں تھی ۔ترجمان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم نے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یکجہتی کرنا عوام کا کام ہے وزیر اعظم صاحب یکجہتی کے نام پر گناہوں کو دھونے کی کوشش نہ کریں ،اسلام آباد اپنی خاموشی اور روایتی طریقوں سے نکلے اور کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ واضح کرے.کشمیری ہیروز کو اور ان کی قربانیوں کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ کشمیری محض زبانی خرچ اور تقریروں سے مطمئن نہیں ہوں گے حکومت عملی اقدامات قوم کو اعتماد میں لیتے ہوئے واضح کرے.