وزیر اعظم شہباز شریف کی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت: پاکستان کے معاشی استحکام کا عزم
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب میں دو روزہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے دوران پاکستان کی ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہونے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ "سعودی عرب اور دوست ملک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام ممکن ہوا ہے۔ ہم علم پر مبنی معیشت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، اور مل کر مشترکہ مستقبل اور ترقی کا سفر طے کرسکتے ہیں۔” انہوں نے سعودی عرب کے فرما روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ترقی کے ویژن کی تعریف کی اور عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد پر انہیں مبارکباد پیش کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ "نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی ترقی کے لیے خصوصی منصوبے شروع کیے ہیں، خاص طور پر ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انقلاب ہے جسے ہمیں اپنانا ہوگا۔
وزیر اعظم نے پاکستان میں دانش سکولز منصوبے کا ذکر کیا، جو وسائل سے محروم طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کو ایک کامیاب پروگرام قرار دیا اور کہا کہ "صحت کے شعبے میں بھی پاکستانی اداروں کی نمایاں خدمات ہیں۔شہباز شریف نے انسانی ترقی کو مشترکہ اقدامات میں پنہاں قرار دیا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کی، کہ "غزہ میں قتل و غارت روکنے کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ دنیاوی امن کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔وزیر اعظم کا یہ خطاب پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایک مثبت اقدام کی علامت ہے اور اس کا مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے، تاکہ ملک میں خوشحالی اور ترقی کی راہیں ہموار کی جا سکیں۔