وزیراعظم سندھی نوجوانوں کو کراچی میں کیا خوشخبری دیں گے؟ فردوس عاشق اعوان نے بتا دیا

0
32

وزیراعظم سندھی نوجوانوں کو کراچی میں کیا خوشخبری دیں گے؟ فردوس عاشق اعوان نے بتا دیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسائل اور محرومیوں کے شکار سندھ کیلئے وزیر اعظم عمران خان خوشخبری بن کر کراچی آ رہے ہیں ۔ وہ سندھ کے نوجوانوں کو مایوسیوں سے نجات دلانے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کریں گے ۔ یہ پروگرام سندھی نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ انہیں با اختیار بنانا وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے ۔ نوجوانوں کیلئے زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے، ترقی کے عمل میں حصہ دار بنانے اور معاشی پہیے کو تیز کرنے کیلئے یہ اقدامات نا گزیر ہیں ۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نوجوانوں کی امید ہیں ۔ آسان قرضوں کی فراہمی اور مالی معاونت انہیں کاروبار کرنے اور با اختیار بنانے کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا ۔ سندھ کے نوجوانوں کی ترقی وفاق ِپاکستان کو مضبوط بنانے کے مترادف ہے ۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی خوشحالی وترقی کے ایجنڈے کو پوری قوت سے آگے بڑھائیں گے ۔سیاسی طوفان برپا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ چکی ہے ۔ جمہوری اختلاف کو سازش کا رنگ دینے والے سیاسی مخالفین کو اطلاع ہو کہ حکومت اپنے اتحادیوں کی حمایت کے ساتھ نہ صرف مستحکم ہے بلکہ جمہوری اختلاف کو جمہوری انداز میں سلجھا لیا گیا ہے ۔

Leave a reply