پولینڈ کے تیل اور گیس کے شعبوں میں مہارت سے مستفید ہونا چاہتے ہیں،مصدق ملک

0
69

پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میسیج پیسارسکی نے پولش آئل اینڈ گیس کمپنی (پی او جی سی) کے وفد کے ہمراہ وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے منگل کو ملاقات کی اور تیل و گیس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پولش وفد کی سربراہی رابرٹ پرکووسکی، نائب صدر و چیف آپریٹنگ آفیسر اور مینجمنٹ بورڈ کے نائب صدر مسٹر آرتھر کر رہے تھے۔وزیر مملکت نے تیل اور گیس کے شعبے میں پولینڈ کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہارکیا۔

پولینڈ کا شمار یورپ میں سب سے پہلے پیٹرولیم ذخائر کی دریافت کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ پولش سفیر نے تیل اور گیس کے شعبہ میں شراکت کو پاک پولش تعلقات کا اہم ستون قرار دیا اور پاکستان میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی میں پولینڈ کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

وفد نے وزیر مملکت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی جی این آئی جی گروپ کی انتظامیہ حکومت پاکستان اور حکام کی جانب سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ پی جی این آئی جی پرامید ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئے گی اور وہ پاکستان کی انرجی سیکیورٹی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرعزم ہے۔

پی جی این آئی جی جسے پولش آئل اینڈ گیس کمپنی (پی او جی سی) بھی کہا جاتا ہے پاکستان میں 1997 سے پی جی این آئی جی گروپ پولینڈکے برانچ آفس کے طور پر کام کر رہا ہے۔ پاکستان کے پہلے ٹائٹ گیس کے ذخائر کی دریافتوں کا سہرا بھی اسی کمپنی کے سر ہے۔

Leave a reply