گوجرہ: سٹی پولیس نے موٹر سائیکل چور گروہ پکڑلیا، 14 موٹر سائیکلیں اور رکشہ برآمد
گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) سٹی پولیس گوجرہ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے موٹر سائیکل چوروں کے ایک گروہ کا سراغ لگا کر ان کے چار ارکان کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ڈی ایس پی گوجرہ اختر علی وینس کی قیادت میں عمل میں آئی، جس میں ایس ایچ او سٹی گوجرہ سلمان شاہد نے اہم کردار ادا کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران، ڈی ایس پی اختر علی وینس نے بتایا کہ یہ گروہ علاقے میں موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ مخبر کی اطلاع اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چک نمبر 297 ج ب کے رہائشی شہزاد اور ارسلان قریشی، محلہ طارق آباد کے رہائشی ابرار اور چک نمبر 161 ج ب کے عرفان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے 14 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور ایک رکشہ برآمد ہوا۔
ڈی ایس پی نے مزید کہا کہ ملزمان نے متعدد چوری کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، اور سٹی پولیس مزید برآمدگی کے لئے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔