پولیس کے ہاتھوں مری ایکسپریس وے پر خاتون کو ہراساں کرنیوالے 5 نوجوان گرفتار

مری ایکسپریس وے پر خاتون کو ہراساں کرنیوالے 5 نوجوان گرفتار
باغی ٹی وی : مری ایکسپریس وے پر کار سوار خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں 5 نوجوانوں کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
موٹر وے پولیس کے مطابق خاتون نے فون پر شکایت کی تھی کہ گاڑی میں سوار 5 نوجوان اُن کی گاڑی کا پیچھا کررہے اور انہیں تنگ کر رہے ہیں۔
موٹر وے پولیس نے اطلاع ملتے ہی بروقت کارروائی کرتے ہوئے نوجوانوں کو مری ایکسپریس وے پر ظفر موڑ کے قریب سے حراست میں لے لیاہے۔نوجوانوں کو تفتیش کے بعد ٹریٹ چوکی سے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ پچھلے دنوں روز لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ دو افراد نے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون لاہور سے گوجرانوالا جارہی تھی، کار کا پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی اور موٹر وے پولیس بھی نہیں آئی۔ رشتے داروں کے پہنچنے سے پہلے ہی دو افراد نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان خاتون سے ایک لاکھ روپے نقد، سونے کے زیورات اور اے ٹی ایم کارڈز بھی لے گئے