امریکی فوجوں کےانخلاسےقبل افغانستان کیلئےسیاسی حل نکالنا ضروری ہے:عمران خان کاامریکی ٹی وی کوانٹریو

0
25

اسلام آباد:امریکی فوجوں کے انخلاء سے قبل افغانستان کیلئےسیاسی حل نکالنا ضروری ہے:عمران خان کا امریکی ٹی وی کوانٹریو،اطلاعات کے مطابق امریکی ٹی وی کو انٹریو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ امریکہ کےلیے یہ انتہائی اہم ہے کہ وہ افغانستان سے اپنی افواج نکالنے سے پہلے کوئی نہ کوئی سیاسی حل ضرور نکالے :

افغانستان سے امریکی انخلا پر وزیر اعظم نے کہا کہ اگر طالبان افغانستان میں مکمل فتح کے لیے سرگرم ہوئے تو افغانستان کے بعد پاکستان کو اس کا سب سے زیادہ نقصان ہو گا۔ ’امریکی انخلا سے قبل افغانستان کے اندر امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جو کوئی بھی افغان عوام کی نمائندگی کرے گا ہم اس سے بات چیت کریں گے۔‘

خیال رہے کہ طلوع نیوز کو انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چند روز قبل کہا تھا کہ افغان طالبان کے مذاکرات کار ’امن عمل میں سہولت کاری‘ کے لیے پاکستان آتے ہیں اور پاکستان اُن کے ساتھ اسی مقصد کے لیے مل کر کام کر رہا ہے۔

عمران خان نے یہ تسلیم کیا کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر اسلام آباد میں ایک غیر اعلان شدہ دورہ پر آئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ انھوں نے ان سے ملاقات نہیں کی بلکہ آئی ایس آئی کے سربراہ ان سے ملے تھے۔

انٹرویور نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں فوجی اڈے قائم کرنا چاہتا ہے تاکہ افغانستان پر نظر رکھ سکے۔ اس سوال پر کہ آیا پاکستان اس کی اجازت دے گا، عمران خان نے کہا ’ایبسلوٹلی ناٹ (بالکل نہیں)۔ ہم کسی صورت اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان کی سرزمین سے افغانستان میں کسی قسم کی سرگرمی۔۔۔ ہم بالکل اس کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

’امریکی جنگ میں شریک ہو کر پاکستان نے 70 ہزار جانیں گنوائیں۔ ہم اپنی سرزمین سے مزید فوجی کارروائیاں برداشت نہیں کر سکتے۔ ہم امن میں شراکت دار ہوں گے، لڑائی میں نہیں۔‘

عمران خان سے پوچھا گیا کہ آیا انھوں نے اب تک امریکی صدر جو بائیڈن سے بات چیت کی ہے تو ان کا جواب تھا کہ ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔ ’کیوں‘ کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ ’جب بھی ان کے پاس وقت ہو وہ میرے سے بات کر سکتے ہیں لیکن ظاہر ہے اس وقت ان کی ترجیحات اور ہیں۔‘

عمران خان نے یہ امید ظاہر کی کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے امریکہ کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

پاکستان میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد بڑھنے کے خدشات پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کے بعد سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کوئی جنگ نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق پاکستان کی جانب سے جوہری ہتھیار رکھنے کا مقصد انڈیا کے ساتھ کسی کشیدہ صورتحال کو روکنا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’جس لمحے کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا، مجھے لگتا ہے، دونوں ملکوں کو جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔‘

Leave a reply