اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی اور منی بجٹ آرڈیننس کی صورت میں نافذ کرنے پرگفتگو کی۔
باغی ٹی وی: ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا،ذرائع کا کہنا ہےکہ ملاقات میں اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بارے میں صدر مملکت کو آگاہ کیا اور آئی ایم ایف کے مطالبات سے متعلق بھی گفتگو کی۔
اسحاق ڈار نے صدر مملکت کو میثاق معیشت کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ میثاق معیشت ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔ ذرائع نے وزیرخزانہ کی کچھ تعطل کے بعد صدرعلوی سے ملاقات کو غیر معمولی قراردیا۔
بعدازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عمران خان سے رابطہ کیا اور ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر اہم گفتگو کی,انہوں نے عمران خان سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے حالیہ ملاقات اور ملک میں عام انتخابات کی ٹائم لائن سے متعلق بھی گفتگو کی
ذرائع نے بتایا ہےکہ ملاقات میں حکومت کی طرف سے منی بجٹ آرڈیننس کی صورت میں نافذ کرنے پر بھی گفتگو ہوئی منی بجٹ تجاویز آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظورکیے جانےکا امکان ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج شام 6 بجے طلب کر رکھا ہے ذرائع کے مطابق کابینہ اجلا س میں کورونا بچاؤ انجکشن کی قیمت کا بھی فیصلہ کیا جائے گا-