وزیراعظم کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر سے ملاقات

0
36

سمرقند: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے صدر رئیسی اور ایرانی عوام کا ملک میں بڑے پیمانے پر سیلاب کے دوران پاکستانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے تباہ کن اثرات پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ کم سے کم کاربن کے اخراج کے باوجود پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا سامنا ہے جس کے لیے وہ ذمہ دار بھی نہیں ہے۔ انہوں نے ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ٹھوس بین الاقوامی کارروائی کی اہمیت پر زور دیا جن کا سامنا پاکستان جیسے موسمیاتی اعتبار سے خطرے کی لپیٹ میں ممالک کو کرنا پڑ رہا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے نتائج کا مثبت جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں اطراف نے اقتصادی و تجارتی روابط، توانائی، ثقافت اور عوام سے عوام کے روابط میں تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اقتصادی اور توانائی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے، بارٹر ٹریڈ کو فعال کرنے، بارڈر مارکیٹس کھولنے اور پاکستانی زائرین کی سہولت کے لیے قریبی دوطرفہ روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان دو طرفہ تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت کے لیے ایک وفد بھیجے گا۔

وزیراعظم نے صدر رئیسی کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ صدر رئیسی نے وزیراعظم کو دورہ ایران کی دعوت دی۔

Leave a reply