اسلام آباد میں پراپرٹی سہولت سنٹرکا افتتاح کردیا گیا

0
34
DC Islam Abad ,Hamza shafqat

اسلام آباد:اسلام آباد میں پراپرٹی سہولت سنٹرکا افتتاح کردیا گیا،اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر حمزہ شفقات نے عوام کی سہولت کےلیے ضلعی انتظامیہ کے پراپرٹی سہولت سنٹر کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےحمزہ شفقات نے کہا کہ یہ مسئلہ سامنے آ رہا تھا کہ اوورسیز اور پاکستان میں مقیم شہری اسلام آباد میں پراپرٹی خرید لیتے تھے جس کے بعد انہیں پتا چلتا تھا کہ یہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیم تھی ، اس کی سب سے بڑی مثال غوری ٹائون ہے ، سی ڈی اے نے اس حوالے سے متعدد مرتبہ انتباہ بھی کیا لیکن شہری اس میں پراپرٹی خریدتے رہے ، اسکے علاوہ بھی کئی ہائوسنگ سوسائٹیز اسلام آباد کا نام استعمال کرتی ہیں جو اسلام آباد کی حدود میں بھی نہیں ہیں ، شہر کے اندر بھی کئی ہائوسنگ سوسائٹیز ایسی ہیں جو منظور تو ہیں لیکن انہوں نے اپنی مزید سکیمز انائونس کیں جو منظور نہیں کرائیں ،

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آبادحمزہ شفقات نے کہا کہ دیکھا گیا ہے کہ جو لوگ وہاں گھر بناتے ہیں نہ انکا نقشہ منظور ہوتا ہے ، نہ انہیں گیس اور بجلی کے کنکشن ملتے ہیں اور پھر وہ کورٹ کچہری کے چکر میں پھنس کر رہ جاتے ہیں ، اسی مسئلے کے حل کیلئے پراپرٹی سہولت سنٹر کا اجرا کیا ہے ، اگر کوئی بھی شہری اسلام آباد میں کسی جگہ پراپرٹی خریدنا چاہتا ہے تو وہ یہاں سے تصدیق کروا سکتا ہے کہ آیا یہ پلاٹ ہے ، اس کا نقشہ منظور ہے ، یہ سوسائٹی منظور ہے ، اور اس میں کسی قسم کی کوئی غیر قانونی چیز تو نہیں ، سی ڈی اے سے اس متعلق تمام ڈیٹا ہمارے سسٹم سے لنک کیا گیا ہے ، جس پراپرٹی کا کوئی ریکارڈ نہیں اس کو خریدنے کا مطلب پیسا پانی میں پھینکنا ہے

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اس موقع پر کہا کہ سہولت سنٹر کے ذریعے اسلام آباد کی حدود میں کسی بھی پلاٹ یا پراپرٹی کی معلومات حاصل کی جا سکیں گی ، اسلام آباد میں اس سسٹم کو لانچ کر دیا گیا ہے ، چند دنوں تک دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اس ویب سائٹ کا اجرا کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شہری غوری ٹائون اور اور دیگر غیر قانونی سوسائٹیز میں پلاٹ لینا چاہتا ہے تو اسے پتا چل جائے گا کہ اس کے ساتھ کوئی فراڈ نہیں ہو سکے گا، یہ پاکستان میں پہلا پراپرٹی سہولت سنٹر ہے جس سے آپ دنیا میں کہیں بھی بیٹھے ہوں اسلام آباد کی پراپرٹی کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں.

اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144کے تحت اگر کوئی غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی اپنا اشتہار بنا کر لگاتی ہے تو اس کیخلاف کارروائی ہو گی ،کچھ سوسائٹیز انٹرنیٹ پر اپنے اشتہار لگاتی ہیں جو ہماری حدود سے باہر ہیں ،غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کو آج سے نوٹسز جاری کر رہے ہیں ، ایک ہفتے تک انکے خلاف کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی، گزشتہ تین سال میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی قابضین کیخلاف کارروائیوں کے دوران پانچ ہزار ارب روپے کی 20ہزار کنال اراضی واگزار کروائی جا چکی ہے ، دیگر قابضین کیخلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں ۔

 

 

Leave a reply