
پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج کو زمین دینے کیلئے پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کی گئی ۔
ایم این اے ڈاکٹر سیمی بخاری نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، طبی اداروں کی مشکلات سے آگاہ کیا
میڈیکل سٹوڈنٹس کے ہاسٹلز، جنرل ہسپتال ملازمین کی رہائشی کالونی کیلئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کرنے کے احکامات جاری۔
وزیر اعظم پاکستان نے امیر الدین میڈیکل کالج و پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے کیمپس،میڈیکل سٹوڈنٹس کے لئے ہاسٹلز اور لاہور جنرل ہسپتال کے ملازمین کی رہائشی کالونی کی تعمیر کے لیے سرکاری اراضی کی فراہمی کی نشاندہی کے لئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیمی بخاری کی درخواست پر صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر سیمی بخاری نے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کی دعوت پر لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا تھا جہاں ان کے علم میں یہ دیرینہ مسئلہ لایا گیا تھا اور انہوں نے اس کے حل کی یقین دہانی کروائی تھی۔ واضح رہے کہ ایم این اے ڈاکٹر سیمی بخاری نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کے دوران دونوں طبی اداروں کی بلڈنگ، طلباء و طالبات کے ہاسٹل اور ملازمین کی رہائشی کالونی کیلئے زمین فراہم کرنے کی استدعا کی تھی۔ وزیر اعظم سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری ہونے والے اس مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرے اور اس مسئلے کے حل کے لئے جلد از جلد کاروائی عمل میں لائی جائے۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹر سیمی بخاری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ واحد ادارہ ہے جہاں پاکستان کے علاوہ دیگر ملکوں سے بھی ڈاکٹرز سپیشلائزیشن کے لئے آتے ہیں اور اس ادارے کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کرتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 2012میں امیر الدین میڈیکل کالج قائم ہوا دونوں میڈیکل اداروں کی عمارت، گریجویٹ و انڈر گریجویٹ میڈیکل سٹوڈنٹس کیلئے ہاسٹلز اور ایل جی ایچ ملازمین کی رہائشی کالونی نہ ہونے کے باعث خاصی مشکلات درپیش ہیں جس کا ازالہ کرنے کے لئے ایم این اے ڈاکٹر سیمی بخاری کی نشاندہی پر وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کسی التوا کے بغیر اس معاملے کے حل کی عملی کوششیں کی جائیں گی جو پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے لئے خوش آئند امر ہوگا.